تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

گھروں میں پانی اور آنکھوں سے متواتر آنسو رواں:ہریش راﺅ

بارش اور سیلاب سے متاثرہ عوام امداد کے بے صبری سے منتظر: ہریش راﺅ

حیدرآباد۔2ستمبر(آداب تلنگانہ نیوز) سابق وزیر و بی آر ایس رکن اسمبلی ہریش راﺅ نے کہا کہ ریاست میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے لوگ پریشانی کا شکار ہیں اور وہ امدادی اقدامات کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھر میں سیلاب کا پانی ہے، آنکھوں سے آنسو متواتر بہہ رہے ہیں۔ ہریش راﺅ نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کو دیکھ کر دل گھبرا رہا ہے۔

ہریش راﺅ نے تجویز پیش کی کہ حکومت کو کچھ وقت کے لیے اوچھی سیاست اور انہدامی کارروائیوں کو روکنا چاہیے اور متاثرین کی مدد پر پوری توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فوری امدادی اقدامات نہ ملنے کی وجہ سے وہ اپنے غم اور غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ حکومت کو ذمہ داری سے کام لینا چاہیے۔

سیلاب متاثرین کی ہر طرح سے مدد کی جائے اور جہاں بجلی کی سپلائی بحال کرنے کی ضرورت ہے وہاں فوری کارروائی کی جائے، خوراک اور پانی کا انتظام کیا جائے۔ ہریش راﺅ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ زہریلے بخار میں مبتلا ہے۔ سیلاب کی وجہ سے مزید وبائیں پھیلنے کا خطرہ ہے۔ تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔

ہریش راﺅ نے مطالبہ کیا کہ جن کسانوں کی فصلیں تباہ ہوئی ہیں ان کی مدد کی جائے اور دس ہزار روپئے فی ایکڑ معاوضہ ادا کیا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button