تلنگانہ میں سیلاب کو قومی آفت قراردیاجائے:ریونت ریڈی
بڑے پیمانے پر نقصانات سے نمٹنے کےلئے مرکز فی الفور امداد فراہم کرے:ریونت ریڈی
حیدرآباد۔2 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج مرکزی حکومت پر زوردیا کہ وہ تلنگانہ میں سیلاب کو قومی آفات سماوی قرار دے اور بڑے پیمانے پر نقصانات سے نمٹنے کے لیے ریاست کو ضروری امداد فراہم کرے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ شخصی طور پر تلنگانہ میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں۔
چیف منسٹر نے عہدیداران کو ہدایت دی کہ وہ مرکز کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ پیش کریں اور ساتھ ہی فی الفور مرکزی امداد کے لیے باضابطہ درخواست بھی پیش کریں۔ جاریہ بارش اور سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں پر چیف منسٹر نے حیدرآباد میں پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں ایک جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا۔
انہوں نے سیلاب کے باعث اپنے افراد خاندان کو کھونے والے غمزدہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کو 4 لاکھ روپئے سے بڑھا کر 5 لاکھ روپئے کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے عہدیداران کو ہدایت دی کہ سیلاب سے مویشیوں، بکریوں اور بھیڑوں کی اموات کے معاوضے میں بھی اضافہ کیا جائے۔
ریونت ریڈی نے بارش سے بہت زیادہ متاثرہ اضلاع کھمم، بھدرادری کتہ گوڑم، محبوب آباد اور سورےہ پیٹ کے کلکٹروں کو فی الفور راحت کے طور پر 5 کروڑ روپئے مختص کیے۔ انہوں نے ضلع کلکٹریٹس میں کنٹرول رومز کے قیام کا بھی حکم دیا۔ چیف منسٹر نے نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس (این ڈی آر ایف) کے خطوط پر ریاستی پولیس کی آٹھ بٹالینز کو شدید بارش اور دیگر آفات کے دوران بہتر ایمرجنسی ردعمل کے لیے تربیت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔