تالاب کے ایف ٹی ایل حدود میں تعمیرات کو حیدرانے منہدم کردیا
حیدرآباد میں جھیلوں اورتالابوں کے ایف ٹی ایل و بفرزونس میں غیرمجاز تعمیرات کو منہدم کرنے کیلئے حال ہی میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ ایسٹس مانیٹرنگ ایجنسی (حیدرا) غیر قانونی ڈھانچوں کے انہدام کا اپنا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ آج حیدرا کی ٹیم نے گگن پہاڑمیں غیر قانونی عمارتوں کو منہدم کردیا۔ ہفتہ کی صبح سے ہی تالاب کے ایف ٹی ایل کے دائرہ کار میں غیر قانونی طور پر بنائے گئے ڈھانچوں کو سخت سیکورٹی کے درمیان منہدم کیا گیا۔ غیر قانونی تعمیرات کے انہدام کی جگہ پر کسی کو بھی داخل ہونے سے روکنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایف ٹی ایل کے اندر تعمیر شدہ غیر قانونی تعمیرات کو بلڈوزر کے ذریعہ زمین دوزکیا جا رہا ہے۔اس تالاب کا جملہ رقبہ 34 ایکڑ ہے جس میں سے 15 ایکڑ پر قبضہ کرکے گودام بنائے گئے ہیں۔ بلڈرز کو ایف ٹی ایل علاقہ میں غیر قانونی تعمیرات ہٹانے کے لیے پیشگی وارننگ دینے کے باوجود ان کی طرف سے کوئی حرکت نہیں ہوئی جس پر حیدرا میدان میں آگئی۔ 15 ایکڑ پر تعمیر شدہ غیر قانونی ڈھانچوں کو آج منہدم کردیاگیا۔