تلنگانہ میں 2ستمبر تک شدید بارش کی پیش قیاسی
تلنگانہ میں 2ستمبر تک شدید بارش کی پیش قیاسی
اورینج اورزرد الرٹ جاری ۔دن کے اوقات میں بار ش سے خوشگوار موسم کا امکان
حیدرآباد۔29اگست(آداب تلنگانہ نیوز)ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی)نے سارے تلنگانہ میں اورینج الر ٹ جاری کیاہے جس میں 2ستمبر تک شدید اور موسلادھار بارش کا انتباہ دیاگیاہے۔ علاوہ ازیں حیدرآباد میں زرد الرٹ جاری کیاگیاہے۔ہفتہ کے اواخر میں اوسط بارش اور گرج وچمک کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ دن کے اوقات میں بارش کے باعث ساری ریاست میں موسم ٹھنڈا اور خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔تلنگانہ کے شمالی ‘ وسطی اور مشرقی علاقوں میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔آئی ایم ڈی نے 30اگست جمعہ کو جیہ شنکر بھوپال پلی ‘ملگ‘بھدرادری کتہ گوڑم‘کھمم‘محبوب آباد‘ورنگل اور ہنمکنڈہ اضلاع میں شدید بارش کے خصوص میں اورینج الرٹ جاری کیاہے۔عادل آباد‘کمرم بھیم آصف آباد‘ منچریال ‘جگتیال‘کریم نگر‘نلگنڈہ اور حیدرآباد میں شدید بارش کے خصوص میں زرد الرٹ جاری کیاگیاہے۔31اگست ہفتہ کو نظام آباد‘جگتیال‘ راجنا سرسلہ‘بھدرادری کتہ گوڑم‘کھمم‘محبوب آباد اورسدی پیٹ تک بارش کا انتباہ وسعت اختیار کرے گا۔حیدرآباد اور کئی دیگر اضلاع میں اوسطاً یاپھر شدید بارش ہوسکتی ہے۔گرج وچمک کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلےںگی۔عادل آباد ‘کمرم بھیم آصف آباد‘منچریال‘ نرمل‘ نظام آباد اور کاماریڈی میں مختلف علاقوں میں بھاری بارش کا متوقع رجحان جاری رہے گا۔جون کے اوائل میں جنوب مغربی مانسون کے آغاز کے بعد سے تلنگانہ میں اوسطاً 627.6ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جوکہ اوسطاً 558.6ملی میٹر سے 12فیصد زائد ہے۔حیدرآباد میں بھی 511.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو معمول کی بارش 450ملی میٹر سے 14فیصد زیادہ ہے۔اضافی بارش کے باوجود شہر اور ریاست دونوں ہی ابھی بھی معمول کی بارش کی سطح کے اندر ہی ہیں۔جمعہ اور ہفتہ کو آئی ایم ڈی نے شدید اور بھاری بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔جس کے نتیجہ میں حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں جارےہ مانسون کے دوران مجموعی بارش کے فیصد میں مزید اضافہ کی توقع ہے۔