تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

کے کویتا کی رہائی ‘جیل کے باہر جذباتی مناظر

کے کویتا کی رہائی ‘جیل کے باہر جذباتی مناظر
میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔خود کو بے گناہ ثابت کروںگی
مصیبت کے وقت میںمیرااور میرے خاندان کا ساتھ دینے والے ہر فرد سے اظہار تشکر


حیدرآباد۔27اگست(آداب تلنگانہ نیوز)کے کویتا رکن قانون ساز کونسل بی آرایس آج رات تہاڑ جیل سے رہا ہوئیں۔اس موقع پرجیل کے باہر جذباتی مناظر دیکھے گئے۔کے کویتا اپنے ارکان خاندان اورپارٹی قائدین وکارکنوں کو دیکھ کر جذبات سے مغلوب ہوگئیں اور اشکبار ہوئیں۔جیل کے باہرکویتا کے شوہرانیل‘ان کے فرزند کے علاوہ کارگزارصدر بی آرایس کے تارک راماراﺅ ‘ہریش راﺅ‘سریش ریڈی اورپارٹی قائدین کی کثیرتعداد موجود تھی۔جیسے ہی کویتا جیل سے باہر آئیں ۔بی آرایس قائدین اورکارکنوں نے فرط مسرت سے نعرے لگائے۔اس موقع پرمیڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کویتانے کہاکہ وہ 18برس سے سیاست میں ہیں۔جدوجہد ان کےلئے کوئی نئی بات نہیں ہے۔اپنے سیاسی کیریئر میں وہ کئی نشیب وفراز دیکھی ہےں۔انہوںنے کہاکہ اس مشکل وقت میں میرااور میرے خاندان کا ساتھ دینے والے ہرفرد کا میں تہہ دل سے شکرےہ اداکرتی ہوں۔انہوںنے پرزوراندازمیں کہاکہ میں کے سی آر کی دختر ہوں ۔غلط کام کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انہوںنے کہاکہ انہیں غیر ضروری طورپر جیل میںڈالاگیا۔کویتا نے پرجوش اندازمیں جئے تلنگانہ کا نعرہ بھی لگایا۔وہاں موجود ہجوم بھی فرط مسرت سے سرشار نعرے لگانے لگا۔کویتا نے کہاکہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا تاہم میرے خلاف سیاسی کھیل کھیلاگیا اور مجھے ساڑھے پانچ ماہ تک جیل میں قید کیاگیا۔کویتا نے مخالفین کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ انہیں اور ان کے ارکان خاندان کو مشکلات سے دوچار کرنے والوں کو سود سمیت جواب دیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ وقت آنے پر ہم ضرور جواب دیںگے۔انہوںنے کہاکہ میں دختر کے سی آر اور دختر تلنگانہ ہوں ۔میںنے کبھی بھی کوئی غلط کام نہیں کیاہے۔مجھے بلا وجہ جیل میں محرو س کیاگیا۔ہم عزم وحوصلہ کے ساتھ کام کریںگے۔ہم کسی سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ہم قانونی جنگ جاری رکھیںگے۔کویتا نے کہاکہ وہ خود کو بے گناہ ثابت کریںگی۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button