Urdu Daily

کے کویتا کا شمس آباد ایرپورٹ پروالہانہ استقبال

کے کویتا کا شمس آباد ایرپورٹ پروالہانہ استقبال
جشن کا ماحول ۔فلک شگاف نعرے ۔حق اورانصاف کی فتح کا اظہار

حیدرآباد۔28اگست(آداب تلنگانہ نیوز)بھارت راشٹرا سمیتی (بی آرایس)لیڈر ورکن قانون سازکونسل کے کویتا کی زائد ازپانچ ماہ کی حراست کے بعد گھر واپسی پر راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیاگیا۔عدالت عظمیٰ نے دہلی ایکسائز پالیسی معاملہ میں سنٹر ل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی)اور انفورسٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)کے ذریعہ شروع کردہ مقدمات میں کویتا کو منگل کے دن ضمانت منظور کی تھی۔کویتا کی مکان واپسی کے موقع پر انتہائی جذباتی مناظر دیکھے گئے ۔کویتا نے اپنے ارکان خاندان اور حامیوں سے ملاقات کی اور ان سے اٹوٹ وابستگی پراظہار تشکر کیا۔بی آرایس کیڈر جو کہ کویتا کی رہائی کا بے صبری سے منتظر تھا ۔اپنی لیڈر کی رہائی پر خوشی ومسرت کے ساتھ ساتھ راحت کا اظہار کیا۔پارٹی کارکنوں میں زبردست جوش وخروش دیکھاگیا ۔

بیشتر افراد نے ا س لمحہ کو انصاف کی فتح سے تعبیر کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کویتا نے جھوٹے الزامات اورسیاسی انتقام کے خلاف لڑائی کے اپنے عزم کااعادہ کیا۔انہوںنے اپنے حامیوں کی اٹوٹ وابستگی پرشکرےہ اداکیا اور تلنگانہ کے عوام کےلئے اپنی خدمات کو جاری رکھنے کاوعدہ کیا۔کویتا کا ہزاروں پرجوش کارکنوں نے ایرپورٹ پر والہانہ استقبال کیا ۔کے کویتا پرپھول برسائے گئے ۔حامی اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس بھی تھامے ہوئے تھے۔جس پر ایک جنگجو کی دختر ‘سچ کی فتح ‘انصاف کامیاب جیسے نعرے تحریر تھے۔یہاں صورتحال جشن کا منظر پیش کررہی تھی۔بی آرایس کیڈر اور کویتا کے حامیوں نے ان کی واپسی کا شاندار جشن منایااور ان کی واپسی پر خوشی ومسرت کا اظہارکیا۔کے کویتا کے ہمراہ ان کے ارکان خاندان بشمول بھائی وکارگزار صدر بی آرایس کے تارک راماراﺅ بھی موجود تھے۔ایرپورٹ پرہزاروں افراد نے کویتا کا شاندار استقبال کیا اور گاڑیوں کے ایک بڑے قافلہ کے ذریعہ کویتا طیرانگاہ سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہوئیں۔راستہ میں کویتا کے استقبال کےلئے بڑے بڑے کٹ آﺅٹس اور بیانرس آویزاں کئے گئے تھے۔کے کویتا کے حامیوں کا جوش وخروش ان سے اٹوٹ وابستگی کی عکاسی کرتاہے۔راستہ میں پرجوش حامیوں نے فرط مسرت سے سرشار ہوکر بی آرایس‘ تلنگانہ ‘کے کویتا کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button