تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں
کے کویتا کو 5 ماہ بعد ملی ضمانت، 15 مارچ کو حیدرآباد سے کیا تھا گرفتار
سپریم کورٹ نے منگل کو بی آر ایس لیڈر کے کویتا کو ضمانت دے دی اور ای ڈی اور سی بی آئی سے کہا کہ وہ یہ بتائیں کہ ان کے پاس کیا ثبوت ہے جو یہ ثابت کرے کہ وہ دہلی کے مبینہ ایکسائز پالیسی گھوٹالے میں ملوث تھیں ۔ جسٹس بی آر گوئی اور کے وی وشواناتھن کی بنچ مبینہ گھوٹالے سے جڑے بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے معاملات میں ضمانت کی درخواست کرنے والی کویتا کی درخواستوں پر سماعت کر رہی تھی جن کی جانچ بالترتیب سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کر رہے ہیں ۔
سینئر وکیل مکل روہتگی، کویتا کی طرف سے پیش ہوئے، یہ کہتے ہوئے ضمانت کی درخواست کی کہ ان کے خلاف تحقیقات دونوں ایجنسیوں کے ذریعہ مکمل ہوچکی ہے ۔ انہوں نے عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے کا بھی حوالہ دیا جس میں اے اے پی لیڈر منیش سسوڈیا کو ضمانت دی گئی تھی، جو دو مقدمات میں شریک ملزم ہیں ۔
ای ڈی نے بی آر ایس قائد کلواکنٹلہ کویتا کو 15 مارچ کو حیدرآباد میں اس کی بنجارہ ہلز رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا ۔ سی بی آئی نے انہیں 11 اپریل کو تہاڑ جیل سے گرفتار کیا تھا ۔ کویتا نے تمام الزامات کی تردید کی ہے ۔