تلنگانہ میں 81کروڑخواتین نے بس میں مفت سفر کی سہولت سے استفادہ کیا:وزیرٹرانسپورٹ
حیدرآباد 24اگست: تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکرنے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ سال 9دسمبر کے آغاز کے بعد سے خواتین کو بسوں میں سفر کی سہولت والی اسکیم مہالکشمی سے تقریباً81 کروڑ خواتین کو فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے آر ٹی سی کے گراں قدر خدمات انجام دینے والے ملازمین کو پرگتی چکر ایوارڈس کی حوالگی کے لئے آر ٹی سی کلیانامنڈپم باغ لنگم پلی حیدرآباد میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان کی خدمات کا اعتراف کیا اور کہا کہ نمایاں خدمات انجام دینے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی سے ادارہ کی داخلی صلاحیتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے، اپنے مظاہرے میں بہتری کے لئے دوسروں میں جذبہ پیدا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی نئی بسوں کی خریداری کا منصوبہ رکھتی ہے۔ حکومت نے پہلے ہی 3035 عہدوں کو منظوری دی ہے جس کے لئے تقررات کا عمل جاری ہے۔ آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار نے کہا کہ ادارہ نے راکھی کے تہوار کے موقع پر 63 لاکھ مسافرین کو ایک مقام سے دوسرے مقام پہنچاتے ہوئے ایک ہی دن میں 32 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کی جو آر ٹی سی کے لئے ایک ریکارڈ ہے۔ اس موقع پر وزیر پونم پربھاکر نے ورنگل2ڈپو سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور ایم سمپت کے ارکان خاندان کے لئے 1.15کروڑ روپے مالیت کا حادثاتی انشورنس چک حوالہ کیا۔ اس ڈرائیور کی بجلی کا جھٹکا لگنے سے موت ہوگئی تھی۔