تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

خواتین پر گزشتہ8ماہ کے دوران مظالم کے واقعات پرسخت کارروائی کا مطالبہ

خواتین پر گزشتہ8ماہ کے دوران مظالم کے واقعات پرسخت کارروائی کا مطالبہ
کے ٹی آر کی ویمنس کمیشن سے ملاقات۔حالےہ ریمارکس سے متعلق وضاحت کی پیشکشی
خواتین ‘قانون اور آئینی اداروں کے بے انتہا احترام کااعادہ

حیدرآباد۔24اگست(آداب تلنگانہ نیوز)کارگزار صدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے کہاکہ وہ خواتین کابے انتہا احترام کرتے ہیں ۔یادرہے کہ خواتین کمیشن نے کے ٹی آر کے حال ہی میں پارٹی اجلاس کے دوران کئے گئے ریمارکس پرانہیں نوٹس جاری کیاتھا۔کے ٹی آرشخصی طور پر خواتین کمیشن کی چیرپرسن کے روبرو پیش ہوئے اور نوٹس کاجواب دیا۔وہ صبح 10بجے تلنگانہ بھون پہنچے اور پارٹی کے سینئر خاتون لیڈرس کے ہمراہ 11بجے دن خواتین کمیشن کے دفتر پہنچے۔کے ٹی آر نے چیرپرسن سے ملاقات کی اور اپنے ریمارکس سے متعلق وضاحت پیش کی۔بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہاکہ وہ پہلے ہی اپنے غیر سنجیدہ ریمارکس پر معذرت خواہی کرچکے ہیں اور خواتین کے تئیں اپنے بے انتہا احترام کا اعادہ کرچکے ہیں۔انہوںنے پرزورانداز میں کہاکہ وہ قانون اور آئینی اداروں کا بھی بے انتہا احترام کرتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ وہ شخصی طور پر جواب دینے کےلئے حاضر ہوئے ہیں۔کے ٹی آر نے کہاکہ سیاست میں شائستگی ہونی چاہئے اور الفاظ کی کوئی لغزش ہوجاتی ہے تو عاجزی وانکساری کے ساتھ معذرت خواہی کی جانی چاہئے ۔تاہم کارگزار صدر بی آرایس نے خواتین کمیشن کے دفتر کے دورہ کے موقع پر کانگریسی لیڈرس کی ہنگامہ آرائی پر شدید تنقید کی۔انہوںنے بی آرایس خاتون لیڈرس پر حملہ کی شدید مذمت کی ۔

بی آرایس خاتون لیڈرس کے ٹی آر کے ساتھ اظہار یگانگت کے طور پر یہاں آئی تھیں۔انہوںنے الزام عائد کیاکہ کانگریس اس معاملہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے۔کے ٹی آر نے کانگریس کے آٹھ ماہ کے دور حکومت میں خواتین کےخلاف بڑھتے ہوئے مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔انہوںنے اپنی ٹیم کے ہمراہ ان واقعات کے حوالے سے کمیشن میں شکایت کے اندراج کی مساعی کی۔کے ٹی آر نے یقین دلایاکہ وہ شکایت کے اندراج کےلئے دوبارہ آئیںگے ۔انہوںنے کہاکہ وہ انتظار کریںگے کہ کمیشن ان کی فراہم کردہ وضاحت پر کیا جواب دے گا تاہم انہوںنے کانگریس کے خاتون لیڈرس کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جنہوںنے بی آرایس کے خاتون لیڈرس پر حملہ کیا۔انہوںنے کمیشن پر زوردیاکہ وہ خواتین پرجاری حملوں کےخلاف کارروائی کرے۔

رکن قانون ساز کونسل ستےہ وتی راتھوڑ ‘ارکان اسمبلی سبیتا اندرا ریڈی‘سنیتا لکشما ریڈی‘بی آرایس کارپوریٹرس اور دیگر خاتون لیڈر س نے بھی میڈیا سے خطاب کیا ۔رکن قانون ساز کونسل ستےہ وتی راتھوڑ نے تذکرہ کیاکہ کے ٹی آر نے اپنی زبانی لغزش پر عاجزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معذرت خواہی کی ہے۔تاہم انہوںنے چیف منسٹر ریونت ریڈی پر شدید تنقید کی کہ وہ نہ صرف خواتین ارکان اسمبلی کی توہین کئے ہیں بلکہ آج بی آرایس خاتون لیڈرس پر حملہ کےلئے ان کی پارٹی کے لیڈرس کواکسایاہے۔خاتون لیڈرس بشمول سبیتا اندرا ریڈی نے خواتین کے تئیں کے ٹی آر کے احترام کا اعادہ کیا اور مطالبہ کیاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ‘خاتون ارکان اسمبلی اور خاتون صحافیوں پر حملوں کے واقعات پر معذرت خواہی کریں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button