تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

محبوب نگر میں گستاخ رسول مہنت رام گیری کے خلاف ملی محاذ کے احتجاجی دھرنے میں سینکڑوں محبان رسولؐ کی شرکت

محبوب نگر میں گستاخ رسول مہنت رام گیری کے خلاف ملی محاذ کے احتجاجی دھرنے میں سینکڑوں افراد کی شرکت

محبوب نگر 23 اگست (آداب تلنگانہ نیوز) گستاخ رسول مہنت رام گیری کی جانب سے رسول اللہ ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کے خلاف آج بعد نماز جمعہ ملی محاذ کی جانب سے تلنگانہ چوراہے پر احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا۔ اس احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ملی محاذ کے سرپرست خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ، صدر ضلع مجلس محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ، کنوینر ملی محاذ محمد تقی حسین تقی، بلدی فلور لیڈر مجلس سید سعادت اللہ حسینی، کو کنوینرس مرزا قدوس بیگ، حافظ ادریس سراجی اور دیگر مقررین نے کہا کہ حضور اقدس ﷺ کی گستاخی ایک فیشن بن چکی ہے۔ جن ریاستوں میں انتخابات ہونے والے ہوتے ہیں، وہاں فرقہ پرست قائدین یا کچھ نادان سادھو مہنت اس طرح کی حماقت کا ارتکاب کرتے ہیں۔ مہاراشٹرا میں مہنت رام گیری نے اس سلسلے میں تمام حدود پار کردی ہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ ملعون مہنت کو گرفتار کرنے کے بجائے مہاراشٹرا حکومت اور خود چیف منسٹر مہاراشٹرا ایکناتھ شنڈے اس ملعون کی کھلی تائید کر رہے ہیں، جو مسلمانوں کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔ ان قائدین نے مرکزی حکومت اور حکومت مہاراشٹرا سے مطالبہ کیا کہ مہنت رام گیری کو سخت دفعات کے تحت گرفتار کیا جائے اور اسے اس کے کیے کی سزا دی جائے۔ اس دھرنے میں بلا تفریق سیاسی قائدین و نوجوانوں نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر دیگر قائدین محمد نور اللہ خان، محمد معز، محمد عابد، سید امیر نقشبندی (جوائنٹ کنوینرز)، سید افروز شاہ (کارگزار صدر مرکزی میلاد کمیٹی)، شیخ عبداللہ (سینئر جرنلسٹ)، سید صادق حسین (نائب صدر مسلم لیگ)، محمد محبوب (کونسلر)، محمد مزمل حسین (کونسلر نیوٹاؤن)، محمد عبد العلیم صدیقی جرنلسٹ، عبدالباری، سجّو، عبدالرحیم، بی آر ایس قائدین شیخ حامد، محمد اظہر، مرزا جاوید بیگ، مرزا اعجاز، مجلسی قائدین محمد عمران، محمد فاروق، سجو پہلوان، ماجد، معبود، کانگریس قائدین محمد غوث اور دیگر موجود تھے۔ بعد ازاں ملی محاذ کے ایک وفد نے ضلع کلکٹریٹ پہنچ کر صدر جمہوریہ کے نام یادداشت جائنٹ کلکٹر محبوب نگر موہن راو کے حوالہ کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button