تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

بی جے پی، ملک کےلئے بڑا خطرہ ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب

بی جے پی، ملک کےلئے بڑا خطرہ
مرکزی حکومت دولت کو لوٹنے میں اڈانی گروپ کی مدد کررہی ہے
دفتر ای ڈی کے روبرو کانگریس کا احتجاج ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب

حیدرآباد،(آداب تلنگانہ نیوز)، چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اڈانی گروپ کے خلاف دفتر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے روبرو منعقدہ احتجاج میں حصہ لیا۔ کل ہند کانگریس کمیٹی کی جانب سے ملک بھر کی کانگریس یونٹس کو مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کی ہدایت دی گئی تھی۔ کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ مرکزی حکومت ملک کی دولت کو لوٹنے میں اڈانی گروپ کی مدد کررہی ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ہنڈن برگ کی رپورٹ میں سیبی کی چیر پرسن مادھابی پوری بچ پر بے ضابطگیوں کے الزامات پر کانگریس رہنما راہول گاندھی نے مطالبہ کیا تھا کہ بی جے پی حکومت مادھابی کو فی الفور برطرف کرے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

علاوہ ازیں انڈیا بلاک نے ان الزامات کے خلاف مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا تاہم پارلیمنٹ کو چار یوم قبل ہی ملتوی کردیا گیا۔ ریونت ریڈی نے مرکز میں برسر اقتدار این ڈی اے حکومت کو شدید ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ بی جے پی ملک کے لئے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اڈانی اسکام سے متعلق پارلیمنٹ میں جواب دئے بغیر وزیر اعظم نریندر مودی نے راہ فرار اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ 2014 تک ہندوستان کا مجموعی قرض صرف55 ہزار کروڑ روپئے تھا۔ مودی کے دور حکومت میں ملک کا قرض بڑھ کر صرف گیارہ برسوں میں 1.15 لاکھ کروڑ روپئے ہوگیا۔ مودی نے ملک کے 16وزرائے اعظم کے مقابلہ میں تنہا ہندوستان کے قرض کو دوگنا کردیا۔ریونت ریڈی نے بتایا کہ سابق وزیراعظم پنڈت جواہر لا نہرو نے ملک میں آبپاشی پروجکٹس کی تعمیر عمل میں لائی۔

بینکس کو قومیانے میں اندرا گاندھی کا ذہن کارفرما رہا اور بنک خدمات کو غریبوں تک قابل رسائی بنایا گیا۔ اندراگاندھی نے غریبوں میں اراضیات کی تقسیم کا جرات مندانہ فیصلہ لیا۔ راجیو گاندھی نے ملک میں ٹکنالوجی کو متعارف کیا اور مجالس مقامی میں خواتین کو تحفظات کی فراہمی عمل میں لائی۔ مودی اور امیت شاہ ہم دو ہمارے دو کی طرح ہیں اور یہ دونوں بی جے پی قائدین ساری دنیا کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہو ںنے مطالبہ کیا کہ سیبی کی چیرپرسن کو استعفیٰ دے دینا چاہئے یا مرکز کو چیرپرسن کو برطرف کردینا چاہئے۔ ریونت ریڈی نے ای ڈی سے اسکام کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جب پارٹی نے احتجاج کی ہدایت دی ہے تو ہر ایک کو اپنے عہدے اور پوزیشن کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس کی اطاعت کرنی چاہئے۔ یہی وجہ ہے کہ آج میں نے احتجاجی پروگرام میں حصہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک کے لئے بڑا خطرہ ہے۔ یہ ہر کانگریسی کارکن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کا خاتمہ کرے۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ سونیا گاندھی تلنگانہ تلی کی جیتی جاگتی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی کی سالگرہ 9دسمبر کے موقع پر سکریٹریٹ کے اندر تلنگانہ تلی کے مجسمہ کی تنصیب عمل میں لائی جائیگی۔ ہم ثابت کریں گے کہ ہم تلنگانہ تلی کے حقیقی وارثین ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ میری حکومت عوام کے تمام مسائل کی یکسوئی کے لئے تیار ہے۔

بعد ازاں ریونت ریڈی کی قیاد ت میں ایک وفد نے ای ڈی آفیسر کو یادداشت پیش کی جس میں اڈانی گروپ کے خلاف تحقیقات کا ای ڈی سے مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر دیپا داس منشی، انچارج کانگریس تلنگانہ امور،ملو بھٹی وکرامارکا نائب وزیراعلیٰ ،سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید، پونم پربھاکروزیر ٹرانسپورٹ ،پی سرینواس ریڈی وزیر مال، دانم ناگیندر، انجن کمار یادو، جیون ریڈی، پی ہنمنت راﺅاور دوسرے موجود تھے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button