دنیا ؍ بین الاقوامی

رسول اکرمؐ کی شان میں گستاخی، مہاراشٹر کے اضلاع میں مسلمانوں کا احتجاج

اورنگ آباد ، 16 اگست :جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے ضلع اورنگ آباد کے سیرس گائوں تعلقہ ویجاپور میں مہنت راج گیری مہاراج کے ذریعہ اہانت رسول اکرمؐ کے ارتکاب کو انتہائی شرمناک اور افسوسناک بتاتے ہوئے کہا کہ نے حضور کی شان میں گستاخی کرکے ناقابل معافی جرم کا ار تکاب کیا ہےاس لئے اس گستاخ کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ کوئی دوسرا شخص اس قسم کی جرأت نہ کر سکے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس گئے گذرے دور میں کوئی بھی مسلمان چاہے وہ کہیں کا ہو کسی بھی زبان و علاقے کا کتنا گناہ گار کیوں نہ ہو وہ سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن حضور کی شان میں گستاخی کو ہر گزبرداشت نہیں کر سکتا، مہا راج نے نبی اکرمؐ کی شان میں گستاخی کرکے مسلمانوں کے جذبات و احسات کو مجروح کیا ہے اس لئے صرف اس کی گرفتاری کافی نہیں ہے بلکہ ضروری ہے کہ ایسے مجرم کو قرار واقعی سزاء دی جائے تاکہ گستاخی کرنے والے دیگر لوگوں پر بھی لگام لگ سکے ۔
واضح رہے کہ گذشتہ کل سیرس گائوںتعلقہ ویجا پور ضلع اورنگ آباد میں منعقدہ ایک مہا سبھا سے ہندو رہنما مہنت راجگیری نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہاکی شان میں گستاخی کی ہےاور ان کی سیرت و زندگی کے کسی بارے میں ہرزہ سرائی کرتے ہوئے ان کی توہین و تنقیص کی ہے ،جس سے اسلام اور مسلمانوں کے جذبات کو سخت ٹھیس پہونچی ہے ۔
مولانا ندیم صدیقی نے مزید کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کا ہمیشہ سےیہ مطالبہ رہا ہے کہ تمام پیشوایان مذہب کی حرمت و عظمت کی حفاظت کے لیے ایک قانون وضع کیا جائے جس سے اس قسم کی فتنہ انگیزیوں کا سد باب ہو سکے۔ ہم حکومت سے ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ صورت حال کی نزاکت کو سمجھے اور اس سلسلے میں سخت سے سخت کاروائی کرے۔
مولانا ندیم صدیقی نے مہا راشٹر کےلوگوں سے امن وامان بنائے رکھنے اور صبر وثبات کی تلقین کی ہے، اور اپیل کی ہے قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں ، شر پسند عناصر جان بوجھ کر اس قسم کی نازیبا حرکتیں کرکے مسلمانوں کو مشتعل کرکے روڈ پر نکالنا چاہ رہے ہیں ، اور پھر اس کے ذریعہ سیاسی فائدہ اٹھانے کی ناپاک کوشش کر رہے ہیں۔
ایک ہفتہ قبل مہاراشٹر کے بڑے سیاسی رہنمائوں کا بھی اس قسم کا بیان آ چکاہے کہ حکومتی سطح پر فساد کرانے کی پلاننگ چل رہی ہے اس لئے مسلمان ان کی سازشوں سے ہو شیار رہیں اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے گستاخ رسول کے خلاف قانونی کاروائی کریں ۔ ضلع کے بیشتر تعلقوں میں ایف آئی آر درج کرائی جا رہی ہیں لیکن انتظامیہ کا رویہ ٹھیک نہیں ہے ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button