تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

بی آرایس کے بی جے پی میں انضمام کی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد:کے ٹی آر

ریاست تلنگانہ میں چند حلقہ جات اسمبلی میں ضمنی انتخابات ناگزیر
پارٹی کیڈر تیاری کرے ۔کانگریس حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کیا جائے
بی آرایس کے بی جے پی میں انضمام کی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد۔
دختر تلنگانہ 150یوم سے جیل میں محروس :کے ٹی آر

حیدرآباد۔15اگست(آداب تلنگانہ نیوز)ریاست تلنگانہ میں چند اسمبلی حلقہ جات میں ضمنی انتخابات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کارگزار صدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے پارٹی کیڈر سے کہاکہ وہ ضمنی انتخابات کےلئے تیاری کرے اور کانگریس حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کیاجائے۔بی آرایس نے پہلے ہی تین منحرف ارکان رکن اسمبلی خیریت آباد دانم ناگیندر ‘رکن اسمبلی اسٹیشن گھن پور کڈیم سری ہری اور رکن اسمبلی بھدراچلم وینکٹ راﺅکے خلاف ہائی کورٹ میں کیس دائر کئے ہیں۔کے ٹی آرنے کہاکہ بی آرایس پارٹی دیگر منحرف ارکان اسمبلی کے معاملہ میں سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کی خواہاں ہے۔انہوںنے کہاکہ اسپیکر تلنگانہ قانون سازا سمبلی پرساد کمار جانب داری کا مظاہرہ کررہے ہیں اورمنحرف ارکان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کررہے ہیں۔کے ٹی آرنے توقع کا اظہار کیاکہ ہائی کورٹ کا فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔وہ آج تلنگانہ بھون میں اسٹیشن گھن پور کے قائدین سے خطاب کررہے تھے ۔

اسٹیشن گھن پور حلقہ کے کانگریس کے سابق زیڈ پی ٹی سی ارکان ‘ایم پی پی صدور ودیگر قائدین نے آج بی آرایس میں شمولیت اختیار کی۔کارگزار صدر بی آرایس نے پارٹی میں شامل ہونے والے تمام قائدین کا خیر مقدم کیا اور انہیں پارٹی کھنڈوا پیش کیا۔کے ٹی آرنے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہاکہ مذکورہ بالا قائدین کی بی آرایس میں دوبارہ شمولیت اسٹیشن گھن پور میں مجوزہ ضمنی انتخاب میں پارٹی کی کامیابی کی سمت پہلا قدم ہے۔انہوںنے کہاکہ مواضعات اور منڈل سطح پر پارٹی کی ازسرنو تنظیم جدید عمل میںلائی جائے گی۔آئندہ ماہ سے پارٹی کے ضلعی دفاتر میں کارکنوں کےلئے تربیتی پروگرام کا انعقاد عمل میںلایاجائے گا۔پارٹی سربراہ وسابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راﺅ ہر حلقہ کے پارٹی کیڈر سے ملاقات کریںگے۔راماراﺅ نے کہاکہ کیڈر میں نیا جوش اور ولولہ پیدا کرنے کےلئے تما م اقدامات روبہ عمل لائے جائیںگے اور پارٹی کو ریاست میںآئندہ 50برسوں کےلئے زبردست طاقت وقوت بنانے کےلئے کوششیں جاری ہیں۔کانگریس حکومت کی ناکامیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہاکہ نوجوان ‘کسان اور خواتین کانگریس پارٹی کے 420جھوٹے وعدوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے کسانوں کے 2لاکھ روپئے تک کہ قرضہ جات یکمشت معاف کرنے کے معاملہ میں متعدد دیوتاﺅںکی قسمیں کھائی تھیں۔تاہم تین قسطوں میں قرضہ جات معاف کئے جارہے ہیں اور کئی کسان قرضہ جات کی عدم معافی کی شکایت کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کانگریس پارٹی دھوکہ دہی کےلئے جانی جاتی ہے۔انہوںنے کہاکہ پی آر اسٹنٹ اور ڈرامہ بازی کے ذریعہ عوام کو ہر گز بیوقوف نہیں بنایاجاسکتا۔کے ٹی آر نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ بلدی انتخابات تیزی کے ساتھ قریب آرہے ہیں۔کانگریس نے بی سیزکو 42فیصد تحفظات کی فراہمی کا وعدہ کیاتھا۔کے ٹی آر نے پرزوراندازمیں کہاکہ آپ میرے الفاظ کو نشان زدکرلیں کہ کانگریس بی سیز کو دوبارہ دھوکہ دے گی۔کے ٹی آر نے بی آرایس کے بی جے پی میں انضمام کی خبروں کو جھوٹی اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہاکہ رکن قانون ساز کونسل بی آرایس کے کویتا 150یوم سے جیل میں محروس ہیں ۔اگر بی آرایس کا فی الواقعی انضمام ہوتا تو کویتا اتنے طویل عرصہ تک جیل میں کیوں محروس رہتیں۔کے ٹی آر نے مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کو صفر اختصاص کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیاکہ ریاست میں بی جے پی کا کانگریس کے ساتھ ساز باز ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button