جرائم و حادثات

اے سی بی کے سرکاری ہاسٹلس پر دھاوے

اے سی بی کے سرکاری ہاسٹلس پر دھاوے
بڑے پیمانے پرمتعدد بے ضابطگیوں کا انکشاف

حیدرآباد۔14اگست(آداب تلنگانہ نیوز)اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے تلنگانہ کے 10 سرکاری ہاسٹلوں کا اچانک معائنہ کیا اور کئی بے ضابطگیوں کا پتہ چلایا۔ یہ معائنے مختلف ہاسٹلوں میں کئے گئے، جن میں جامباغ، حیدرآباد، بی سی بوائز ہاسٹل کوئل کونڈہ، محبوب نگر ضلع،ایس سی گرلزہاسٹل تپاپرتی نلگنڈہ ضلع، ایس ٹی بوائز ہاسٹل ویمن پلی میڑچل ضلع، ایس سی بوائز ہاسٹل اپالاپالی راجنا سرسلہ ضلع، ایس سی گرلز ہاسٹل جنگاوں ضلع، ایس ٹی بوائز ہاسٹل کارے پلی، بھدرادری کوتہ گوڑم ضلع،بی سی بوائز ہاسٹل سدی پیٹ اورایس سی گرلزہاسٹل کوتاپلی، نظام آبادضلع شامل ہیں، اے سی بی کے بدھ کو جاری کردہ بیان کے مطابق۔اے سی بی ٹیموں نے محکمہ اوزان وپیمائش، سینٹری انسپکٹر، فوڈ انسپکٹر، اور ایک آڈیٹر کے ساتھ مل کر غذا کے نمونوں کے معیار ومقدار، صفائی کی حالت، طلباءکی حاضری کے ریکارڈس، اور ہاسٹل کے مجموعی انتظام کا جائزہ لیا۔معائنوں کے دوران کئی بے ضابطگیاں پائی گئیں۔ طلباءکی تعداد زیادہ دکھائی گئی تھی، اور کچن، اسٹور رومس، واش رومس میں صفائی کا فقدان تھا۔ پینے کے پانی کی مناسب فراہمی نہیں تھی، اور کمروں میں روشنی اور ہوا کی کمی تھی۔ طلباءکو روزانہ انڈے اور دودھ نہیں مل رہے تھے جو کہ مقررہ خوراک کے مینو میں شامل تھے۔گرلز ہاسٹلس میں باتھ روم ناقابل استعمال پائے گئے۔ ضروری 18 قسم کے رجسٹر اور ریکارڈس میں سے کوئی بھی مناسب طورپر نہیں رکھا جا رہا تھا۔ وارڈن، جنہیں ہاسٹلوں میں موجود ہونا چاہیے تھا، ہفتے میں صرف ایک بار یا اس سے بھی کم آتے تھے۔ اشیاءریکارڈ اور اصل وزن میں نمایاں فرق پایا گیا، جس سے خریداری میں بڑے پیمانے پر فنڈس کے غلط استعمال کی نشاندہی ہوتی ہے۔ جملہ 10 ٹیمیں ان معائنوں میں شامل تھیں۔ اے سی بی‘ حکومت کو غیر ذمہ دارعہدیداروں کے خلاف مناسب کارروائی کے لیے رپورٹ پیش کرے گا اور ہاسٹلوں میں موجودہ حالت کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button