یوم آزادی تقاریب کےلئے بہترین انتظامات کی ہدایت
چیف سکریٹری شانتی کماری کا دورہ قلعہ گولکنڈہ ۔مختلف امور کا تفصیلی جائزہ
حیدرآباد۔12اگست(آداب تلنگانہ نیوز)ریاستی چیف سکریٹری شانتی کماری نے آج قلعہ گولکنڈہ کا دورہ کیا اور یوم آزادی تقاریب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔شانتی کماری نے عہدیداران کوہدایت دی کہ وہ بہترین انتظامات کریں۔یوم آزادی تقاریب میں ثقافتی گروپس کی بڑی تعداد توجہ کا مرکز رہے گی ۔فنکار اپنے روایتی ملبوسات میں ریاست کے متمول اور متنوع ثقافتی ورثاءکی عکاسی کریںگے۔ڈائریکٹر آف کلچر ہری کرشنا کے مطابق زائد از ایک ہزار فنکار تقریب میں شرکت کریںگے۔مختلف اسکولس کے طلبہ کو بھی تقریب میںشریک کروانے کافیصلہ کیاگیاہے تاکہ بچوں میں جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کیاجاسکے۔چیف سکریٹری نے محکمہ پولیس کو ہدایت دی کہ وہ مناسب بندوبست ‘سیکورٹی اور ٹریفک کے انتظامات بہتر طور پر انجام دے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے محفوظ رکھاجاسکے۔تمام محکمہ جات کے عہدیداران سے کہاگیاہے کہ وہ یوم آزادی تقریب کے شاندار پیمانے پرانعقاد کےلئے تال میل کے ساتھ کام کریں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جتیندر ‘اسپیشل چیف سکریٹری وکاس راج‘ڈائریکٹر پروٹوکال وینکٹ راﺅ‘ سی آئی پی آر ہنمنت راﺅ اور دوسرے موجود تھے۔