کریڈٹ کارڈ اپ ڈیٹ کرنے کے نام پر 67,700 روپئے کا دھوکہ
حیدرآباد11اگست: کریڈٹ کارڈ کو اپ ڈیٹ کرنے کے نام پر سائبر دھوکہ باز نے تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں ایک نرسنگ آفیسر کو 67,700 روپئے کا دھوکہ دیا۔یہ واقعہ ضلع کے کاکالاگٹہ تانڈہ میں پیش آیا۔اطلاعات کے مطابق شکایت کنندہ بی سنتوش کو ایک نامعلوم نمبر سے کال موصول ہوئی جس میں کال کرنے والے نے کہا کہ وہ بینک سے کال کر رہا ہے اور اس کے کریڈٹ کارڈ کو اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کال کو حقیقی کال سمجھتے ہوئے شکایت کنندہ نے واٹس ایپ کے ذریعہ اسے بھیجی گئی اے پی کے فائل کو ڈاؤن لوڈ کیا اور کریڈٹ کارڈ کے بارے میں تفصیلات شیئر کیں۔ ہفتہ کی شام اسے ایک پیغام موصول ہوا کہ اس کے اکاؤنٹ سے 67,700 روپے نکال لیے گئے ہیں جس پر وہ فوراً مچاریڈی پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوا اور شکایت درج کروائی۔ اس نے سائبر مالیاتی فراڈ کی اطلاع دینے کے لیے بنائی گئی 1930، نیشنل ہیلپ لائن نمبر پر بھی اپنی شکایت درج کرائی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا۔