طالبات کو مینو کے مطابق معیاری اور تغذےہ بخش غذا فراہم کی جائے
وزیر صحت دامودرراج نرسمہا کاسوشیل ویلفیر گرلز ہاسٹل اور کستوربا اسکول کا معائنہ
حیدرآباد۔7اگست(آداب تلنگانہ نیوز) تلنگانہ کے وزیرصحت دامودرراج نرسمہا نے سنگاریڈی ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر گرلز ہاسٹل اور کستوربا اسکول کا اچانک معائنہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے اسکول میں طلبا کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اسکول اور کالج کو حکام کو ہدایت دی کہ وہ مینو کے مطابق ہاسٹل کی طالبات کو روزانہ معیاری اور لذیذ غذافراہم کریں۔ وزیرموصوف نے سوشل ویلفیئر گرلز ہاسٹل کے کچن کا معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ گروکل اسکول کیلئے درکار ڈیجیٹل کلاسس کے اقدامات کے ساتھ ساتھ جدید کچن، کمپیوٹر آلات کی فراہمی کے لیے منصوبے تیار کیے جائیں۔یہ کام 60 دنوں میں مکمل کیاجائے۔انہوں نے اندول جوگی پیٹ کے میونسپل کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ کالج اور اسکول سے روزانہ کچرے کی نکاسی کا انتظام کریں۔ بعد ازاں دامودرراج نرسمہا نے ٹی ایس ڈبلیو آر ایس کالج کے احاطہ میں پودے لگائے۔، انہوں نے محکمہ صحت، دیہی ترقی محکمہ، محکمہ پنچایت راج اور میونسپل حکام کو تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ موسمی بیماریوں کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔