بی آرایس سے متعلق افواہیں پھیلانے پر میڈیا اداروں کوقانونی کاروائی کا انتباہ: کے ٹی آر
قومی جماعت میں انضمام سے متعلق جھوٹی خبروں کی نشرو اشاعت پر کے ٹی آر کی شدید برہمی
کارگزا رصدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے آج میڈیا اداروں کو جھوٹا پروپگنڈہ کہ بی آرایس انضمام کےلئے ایک قومی جماعت کے ساتھ بات چیت کررہی ہے سخت انتباہ دیا۔انہوںنے مطالبہ کیاکہ میڈیا ادارے بی آرایس کے خلاف بدنیتی پر مبنی جھوٹ پھیلانے پر اعتذار شائع کریں یا پھر قانونی کاروائی کا سامنا کرےں۔انہوںنے کہاکہ پوشیدہ ایجنڈوں کے ساتھ بے بنیاد افواہیں پھیلانے والوں کےلئے اب ےہ قطعی انتباہ ہے۔بے بنیاد افواہیں پھیلانا بندکریں۔بی آرایس کے خلاف اپنی بدنیتی پر مبنی جھوٹ پر اعتذار شائع کریں یا قانونی کاروائی کا سامنا کریں۔کے ٹی آر نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم Xپر اس سلسلہ میں پوسٹ کیا۔راماراﺅ نے اس بات کا اعادہ کیاکہ بی آرایس پارٹی تلنگانہ عوام کی خدمت جاری رکھے گی جیساکہ وہ دو ہائیوں سے عوام کی خدمت انجام دے رہی ہے ۔انہوںنے یاددلایاکہ گزشتہ 24برسوں کے دوران بی آرایس پارٹی نے سینکڑوں تخریب کاروں اور ہزاروں بدنیتی پر مبنی پرپگنڈوں اورسازشوں کا عزم اور حوصلہ کے ساتھ مقابلہ کیاہے۔انہوںنے کہاکہ پارٹی نے انتھک جدوجہد کی اور تلنگانہ کو حاصل کیا ۔تلنگانہ کی تعمیر عمل میں لائی گئی ۔تلنگانہ کو ایک ایسی ریاست بنایاگیا جو ترقی اور فخر کی روشنی سے معمور ہوئی اور دوسرے اس کی تقلید کے خواہاں ہےں۔کے ٹی آر نے کہاکہ لاکھوں قلو ب ایک شناخت اور جذبہ کے ساتھ مشترکہ طور پر تلنگانہ کےلئے دھڑکتے ہیں۔کے ٹی آر نے کہاکہ ہم گرتے ہیں ‘ہم اٹھتے ہیں اور ہم صرف تلنگانہ کےلئے لڑتے ہیں۔ہم کبھی بھی نہیں جھکیںگے ۔ابھی نہیں ‘کبھی نہیں۔