ناگرجناساگر کے 14دروازوں کے ذریعہ پانی کا اخراج
حیدرآباد۔5اگست(آداب تلنگانہ نیوز) تلنگانہ اورآندھراپردیش کے مشترکہ ناگرجناساگر پراجکٹ کے14 دروازے کھول کر پانی کو چھوڑاجارہاہے۔پانی چھوڑنے سے پہلے آندھراپردیش کے پالناڈو اورتلنگانہ کے نلگنڈہ کے نشیبی علاقوں کے دیہاتوں میں رہنے والوں کو ایک دن پہلے ہی چوکس کر دیا گیا ۔پراجکٹ کے دروازوں کو کھولنے کا فیصلہ 4.22 لاکھ کیوزک پانی کے بہاو کے بعد کیاگیا۔اس پراجکٹ میں 4.22لاکھ کیوزک پانی کا بہاودرج کیاگیا۔پراجکٹ میں روزانہ پانی کے بہاﺅمیں اضافہ ہورہاہے۔ اس پراجکٹ کی سطح 590 فٹ کے برخلاف 584 فٹ درج کی گئی۔پراجیکٹ کے دروازے سال 2023میں مکمل بند رہے کیوںکہ کرشنا طاس کے دیگر تمام بڑے ڈیمس کی طرح ناگرجنا ساگر میں بھی بہت کم پانی کا بہاﺅ داخل ہواتھا ۔مہاراشٹرا اورکرناٹک کے علاوہ اوپری علاقوں میں بارش کی کمی کی وجہ سے ناگرجناساگر میں بہت کم پانی کا بہاﺅ تھا۔ےہ گزشتہ چالیس برسوں میں سب سے کم بہاﺅ تھا۔ یہی وجہ تھی کہ سال 2023میں پراجیکٹ کے دروازے بند رہے اب پراجیکٹ لبریز ہوچکاہے اور عہدیداران پراجیکٹ کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ناگرجناساگر کے 26کے منجملہ 14دروازوں کی کشادگی کے ذریعہ پانی کا اخراج عمل میںلایاجارہاہے۔گزشتہ میں پراجیکٹ کے دروازے آخری مرتبہ 17اگست2022کو کھولے گئے تھے۔دریا میں شدید سیلاب کے پیش نظراس وقت پراجیکٹ کے تمام 26دروازوں کی کشادگی کے ذریعہ3.3لاکھ کیوزک پانی کااخراج عمل میںلایاگیاتھا۔پراجیکٹ کے دروازے یکم اگست 2021‘12اگست 2020اور 20اگست2018کوبھی کھولے گئے تھے۔