بارش میں مکان گرنے کے واقعہ میں 9 بچوں کی موت
ساگر: مدھیہ پردیش کے ساگر ضلع کے شاہ پور قصبے میں شدید بارش کی وجہ سے آج صبح ایک کچا مکان منہدم ہو گیا جس کے نتیجے میں اس کے ملبے تلے دب کر 9 بچوں کی موت ہو گئی۔ راحت اور بچاؤ کا کام مسلسل جاری ہے۔ ضلع انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر موجود ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق شاہ پور قصبہ میں واقع ایک کچا مکان صبح کے وقت تیز بارش کے بعد اچانک منہدم ہوگیا۔ حادثے کے بعد ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کے لیے راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ اب تک آٹھ بچوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں یہ گھر پنچم اہیروار کا بتایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہاں کل رات سے موسلادھار بارش ہورہی ہے، ممکنہ طور پر اس کی وجہ سے مکان گر گیا ہے۔ سابق وزیر گوپال بھارگو، ضلع کلکٹر دیپک آریہ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ موقع پر موجود ہیں۔
مرنے والے بچوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ساگر ڈسٹرکٹ اسپتال لایا گیا ہے۔