راہول گاندھی اشوک نگر کو آئیں اورتقررات سے متعلق وضاحت کریں
کانگریس نے”جاب لیس“کیلنڈر جاری کیا۔کے ٹی آر کاشدید ردعمل
حیدرآباد۔3اگست(آداب تلنگانہ نیوز) کارگزار صدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ نے ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کردہ جاب کیلنڈر کو جاب لیس کیلنڈر سے تعبیر کرتے ہوئے شدید ردعمل کاا ظہار کیااور راہول گاندھی پر تنقید کی کہ ان کی جماعت ملازمتوں سے متعلق اپنے وعدے کو پورا کرنے میں بالکلےہ طور پر ناکام ہوچکی ہے۔کے ٹی آر نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ راہو ل گاندھی اشوک نگر آئیں اور ملازمتوں کے خواہاں نوجوانوں سے ملاقات کریں اور انہیں بتائیں کہ وہ ملازمتوں کے حوالے سے اپنے وعدے کو کس طرح پورا کریںگے۔کے ٹی آر نے استفسار کیاکہ آپ حیدرآباد کے اشوک نگر کو دوبارہ کیوں نہیں آتے ۔ان ہی نوجوانوں سے ملاقات کریں اور انہیں بتائیں کہ آپ اپنے وعدوں کو کیسے پورا کریںگے۔
تلنگانہ کے نوجوانوں نے اندرون ایک سا ل 2لاکھ سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے آپ کے وعدے اور الفاظ پر ایقان کیا اور کانگریس کو ووٹ دیا۔انہوںنے کہاکہ اب 8ماہ گزرنے کے بعد نوجوان صدائے احتجا ج بلند کررہے ہیں کیوںکہ کانگریس حکومت کی جانب سے صفر ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں اور ریاستی حکومت کی جانب سے جاب لیس کیلنڈر جاری کیاگیاہے۔حیدرآباد میں اشوک نگر کوچنگ مراکز کاایک بڑا مرکز ہے جہاں بے روزگار نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے امتحانات کی تیاری کی کوچنگ فراہم کی جاتی ہے ۔ گزشتہ سال اسمبلی انتخابات سے قبل اپنی انتخابی مہم کے ایک حصہ کے طور پر راہول گاندھی اور ان کے پارٹی کے قائدین نے اس علاقہ میں مہم چلائی تھی اور ایک سال میں ریاست میں2لاکھ سرکاری ملازمتوں پر تقررات کا وعدہ کیاتھا۔