تاریخی چارمینار کی گھڑی کی فی الفور مرمت
سفید ڈائل کو نقصان پہنچاتھا۔واحد واچ کمپنی کے غلام ربانی نے درست کیا
حیدرآباد۔30جولائی(آداب تلنگانہ نیوز)تاریخی چارمینار کی مشرقی جانب واقع گھڑی کا سفید ڈائل خراب ہوگیاتھا جس کی فی الفور مرمت عمل میںلائی گئی۔شہر حیدرآباد میں 433سالہ قدیم فن تعمیرکے شاہکار چارمینار پر تعینات سیکورٹی عہدیداروں نے دیکھاکہ قدیم گھڑی کونقصان پہنچاہے۔شبہ کیاگیاکہ ےہ کبوتروں کی وجہ سے ہوا ہوگا کیوںکہ ہر وقت کبوتر گھڑیوں کے اطراف اڑتے رہتے ہیں۔جیسے ہی تاریخی اہمیت کی حامل قدیم گھڑی کو نقصان کی اطلاع ملی ۔فی الفور مرمت کے کام کاآغاز کیاگیا اور گھڑی کامرمتی کام منگل کی دوپہر تک مکمل ہوگیا۔محبوب چوک پر واقع واحد واچ کے غلام محمد ربانی نے اپنے ساتھی مدھوسدن چاری کے ہمراہ زائد از 130برس قدیم گھڑی کی عارضی طور پر مرمت کی۔ربانی نے بتایاکہ گھڑی کے ڈائل کے نقصان کے بارے میں ہمیں اطلاع دی گئی۔
ہم نے آج مرمتی کام انجام دیا۔انہوںنے بتایاکہ ٹوٹے ہوئے ڈائل کو جوڑنے اور اسے اس کی حقیقی شکل میں بحال کرنے کےلئے ایک خاص گلو پیسٹ کا استعمال کیاگیا۔تاریخی چارمینار پر چاروں طرف کی کمانوں میں چارگھڑیاں 1889میں نظام ششم میر محبوب علی خان کے دور میں نصب کی گئی تھیں۔چاروں گھڑیوں کے منجملہ صرف ایک گھڑی جس کارخ گلزار حوض کی طرف ہے۔اس گھڑی میں ہر ایک گھنٹہ کی تکمیل پر گھنٹہ بجتاہے۔گھڑیوں کو ہر 48گھنٹوں کے دوران چابی دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ربانی نے بتایاکہ ہم پابندی کے ساتھ گھڑیوں کو چابی دیتے ہیں۔مذکورہ بالا گھڑیوں کی دیکھ بھال پہلے واحد واچ کمپنی کے سکندر خان کیاکرتے تھے۔جن کاحال ہی میںانتقا ل ہوگیا۔اب ان گھڑیوں کی ربانی دیکھ بھال کررہے ہیں۔واحد واچ کمپنی کو فی الواقعی 1942میں سکندرخان کے دادا واحد خان نے قائم کیاتھا۔1947کے بعد حضور نظام کی حکمرانی کے خاتمہ کے بعد مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے گھڑیاں بند ہوگئی تھیں۔1962میں جب ےہ مسئلہ سامنے آیا تب آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا نے اس کی مرمت کروائی اور واحد خان کے فرزند رسول خان کو کنٹراکٹ دیا۔تب سے واحد خان کے افراد خاندان اوردکان کے ملازمین چارمینار کی گھڑیوں کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔