سدی پیٹ میں ”ٹیرس گارڈن “ڈاکٹر جوڑے کااختراعی اقدام
چھت پر مختلف سبزیوں اور پھلوں کے پودے ۔مختلف گوشوں سے ستائش
حیدرآباد۔28جولائی(آداب تلنگانہ نیوز)سدی پیٹ میں ایک ڈاکٹر جوڑے نے سبزیوں اور پھلوں کی فصلوں پر جراثیم کش ادویات کی چھڑکاﺅں کے مضر اثرات کو محسوس کرتے ہوئے 8سال قبل اپنے ہی مکان کی چھت پر خود کا گارڈن تیار کیا۔چھت پر باغ میں پتے والی سبزیوں سے لے کرپھلوں تک پودے موجود ہیں۔اس گارڈن کے پھل اور ترکاری کو اپنے دوست واحباب کو تحفتاً پیش کرنے کے علاوہ ےہ ڈاکٹر جوڑا اپنے باورچی خانہ کی ضروریات بھی پوری کرتاہے ۔سدی پیٹ کے مشہور ومعروف ڈینٹسٹ ڈاکٹر ڈی این سوامی اور ان کی اہلےہ ڈاکٹر سری دیوی ابھیرامی ڈینٹل ہاسپٹل چلاتے ہیں۔کنچرا بازار میں واقع ان کے مکان کی 2000مربع فیٹ چھت پر700تا800پودے موجود ہیں۔چھت پر موجود باغ میںپتے والی ترکاریوں کے بشمول سبزیوں کے 15پودے ہیں جبکہ 10پھلوں کے پودے اور 15جڑی بوٹیوں کے پودے بھی ہیں۔ذرائع ابلاغ کے نمائندو ں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سوامی نے کہاکہ بازار میں فروخت کئے جانے والے جراثیم کش ادوےہ کی آمیزش پرمبنی پھلوں اور ترکاریوں کے مضر اثرات کو محسوس کرتے ہوئے وہ خود سبزیوں اورپھل اگانے کافیصلہ کئے۔انہوںنے کہاکہ وہ سبزی یا پھل کی خریدی کےلئے شاذ ونادر ہی منڈی جاتے ہیںکیوںکہ انہیں اپنے چھت پر موجود گارڈن سے ہی کافی مقدار میں ترکاری اورپھل حاصل ہوتی ہے۔انہوںنے کہاکہ ان کے بہت سے دوست اور پڑوسی بھی چھت پر گارڈن کے قیام سے متعلق گہری دلچسپی ظاہر کررہے ہیں۔انہوںنے سدی پیٹ شہر میں ایسے تمام پرجوش اور دلچسپی رکھنے والے افراد کا ایک واٹس اپ گروپ بھی بنایاہے۔گروپ کے 10سے زائد ارکان نے کامیابی کے ساتھ اپنی چھتوں پر ایسے باغات کا نظم کیاہے جبکہ باقی ارکان چھت پرگارڈن کے قیام کےلئے تیاریاں کررہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ وہ اور ان کی اہلےہ مکمل ہفتہ بہت زیادہ کام کرتے ہیں ۔لہذا انہیں باغ میں کام کے ذریعہ اپنے دباﺅ اور تناﺅ سے بڑی حد تک راحت حاصل ہوتی ہے۔انہوںنے کہاکہ وہ صبح کے اوقات میں باغ میں کافی وقت گزارتے ہیں جہاں انہیں تازہ آکیسجن حاصل ہوتی ہے۔انہوںنے کہاکہ تمام سبزیاں آرگیانک طریقہ سے اگائی جارہی ہیں۔جس کی وجہ سے صحت پربھی بہتر اثر مرتب ہورہاہے۔صدرنشین بلدےہ پرسنا رانی نے باغ کا دورہ کیا اور ڈاکٹر جوڑے کی کوششوں کی ستائش کی۔انہوںنے شہریوں پر زوردیاکہ وہ ٹیرس گارڈن کےلئے ڈاکٹر جوڑے سے تحریک حاصل کریں۔