نئے راشن کارڈس کی اجرائی کےلئے ازسرنو درخواستوں کی وصولی کا منصوبہ
رہنمایانہ خطوط کو تاحال حتمی شکل نہیں دی گئی ۔کابینی سب کمیٹی میں مختلف امور پر غور وخوض - آروگےہ سری کارڈس کےلئے علیحدہ درخواستوں کی طلبی۔کونسل میں وزیر اتم کمار ریڈی کا بیان
بی آر ایس کے دورحکومت میں زائدا ز6لاکھ راشن کارڈس جاری کئے گئے۔وزیر سیول سپلائیز کو ستےہ وتی راتھوڑکا جواب
ریاستی حکومت نئے راشن کارڈس کی اجرائی کےلئے ازسرنو درخواستوں کی وصولی کا منصوبہ بنارہی ہے۔قبل ازیں پرجاپالانا پروگرام کے دوران پیش کردہ درخواستوں کو نظراندازکرتے ہوئے وزیر سیول سپلائیزاتم کمار ریڈی نے آج قانون سازکونسل میں اعلا ن کیاکہ نئے راشن کارڈس اور نئے آروگےہ سری کارڈس کی اجرائی کےلئے علیحدہ علیحدہ درخواستیں طلب کی جائیںگی اور ےہ دونوں ہی کارڈس علیحدہ علیحدہ جاری کئے جائیںگے۔کونسل میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے واضح کیاکہ خصوصیت کے ساتھ خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے(بی پی ایل )خاندانوں کو نئے راشن کارڈس جاری کئے جائیںگے۔انہوںنے کہاکہ آروگےہ سری کارڈ جاری کرنے کےلئے اہلیتی معیار کے خصوص میں کابینی سب کمیٹی میں جائزہ لیاجارہاہے جس کا مقصد آروگےہ سری کے زمرہ میں دیگر طبقات کی شمولیت کو بھی یقینی بناناہے۔ریاستی وزیر نے کہاکہ ہم دوہفتوں میں جدید راشن کارڈس کی اجرائی کےلئے رہنمایانہ خطوط کو حتمی شکل دیںگے۔ریاستی حکومت راشن کارڈس پر چاول کے علاوہ دیگر ضروری اشیاءکی راشن کارڈ ہولڈرس کو فراہمی پر غور کررہی ہے۔
انہوںنے کہاکہ نئے راشن کارڈ س کی اجرائی کےلئے اہلیتی معیار کابینی سب کمیٹی کی سفارش پر مبنی ہوگا۔کانگریس کے ارکان قانون ساز کونسل کی تجاویز پر جواب دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ نئے راشن کارڈس کی اجرائی سے قبل درخواست گزاروں کی آمدنی ‘اراضیات اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔انہوںنے یقین دلایاکہ پرانے راشن کارڈس اس وقت تک کارکرد رہیںگے جب تک کہ نئے راشن کارڈس کی اجرائی عمل میں نہیں آجاتی۔انہوںنے کہاکہ آن لائن درخواستوں کے ادخال کے عمل پر عارضی روک لگائی گئی ہے اور نئے راشن کارڈس کےلئے درخواست کے طریقہ کار کو قطعی شکل دی جارہی ہے۔بی آرایس کی رکن ایس وانی دیوی نے اس بات کو اجاگر کیاکہ ریاستی حکومت نے پرجادربار اور پرجاپالانا پروگراموں کے ذریعہ درخواستیں وصول کی ہیں۔تاہم ابھی تک ان درخواستوں کی تعداد اور نئے راشن کارڈس کی اجرائی کےلئے وقت کا تعین نہیں کیاگیاہے۔انہوںنے حکومت پر زوردیاکہ وہ راشن کارڈس کی اجرائی کے عمل میں سرعت پیدا کرے تاکہ عوام ان کی بنیادی ضروریات سے محروم نہ رہیں۔اس سلسلہ میں جواب دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے پرزورانداز میں کہاکہ راشن کارڈس کی اجرائی میں تاخیر کے باعث کسی کو بھی مشکلات کاسامناکرنا نہیں پڑے گااور کسی بھی قسم کے مسئلہ کی مناسب طور پر یکسوئی عمل میں لائی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ بی آرایس حکومت کے دور میں ایک بھی نیا راشن کارڈ جاری نہیں کیاگیا جس پر سابق وزیر وبی آرایس رکن ستےہ وتی راتھوڑ نے شدید اعتراض کیا اور اس بات کی نشاندہی کی کہ سابقہ بی آرایس حکومت میں زائد از 6لاکھ نئے راشن کارڈس کی اجرائی عمل میں لائی گئی۔