پاس بک کی اساس پر تمام کسانوں کے قرضہ جات معاف کئے جائیں: پی راجیشور ریڈی
چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزراءپر کسانوں کو دھوکہ دینے کا الزام۔رکن اسمبلی پی راجیشور ریڈی کی پریس کانفرنس
رکن اسمبلی بی آرایس جنگاﺅں پی راجیشور ریڈی نے تمام کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کا مطالبہ کیا۔انہوںنے اس بات پر زور دیاکہ تمام کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک کہ قرضہ جات بغیرکسی شرط کے معاف کئے جائیں اور قرض معافی اسکیم کو تمام پاس بک کے حامل کسانوں تک وسعت دی جائے۔انہوںنے کہاکہ ریاستی حکومت نے صرف6ہزار کروڑ روپئے کے صرفہ سے اس اسکیم کو نافذ کیاہے جبکہ رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت کاشت کاری کےلئے کسانوں کو امداد کی فراہمی کے خصوص میں0 1200کروڑ روپئے کی اجرائی زیر التواءہے۔وہ آج تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔راجیشور ریڈی نے کانگریس حکومت کی جانب سے کسانوں کو ناکافی امداد کی فراہمی پر شدید تنقید کی۔انہوںنے کہاکہ خود چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق ریاستی حکومت نے قرض معافی کے خصوص میں صرف6ہزار کروڑ روپئے دیئے ہیں۔
کسانوں کے قرضہ جات کے معاملہ میں ےہ صرف30فیصد اور رقم کے لحاظ سے صرف 20فیصد کا احاطہ ہے۔انہوںنے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے اعلان کردہ اسکیم کےلئے 31ہزار کروڑ روپئے درکار ہیں تاہم حکومت نے صرف 6ہزار کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔بی آرایس کے رکن اسمبلی نے نشاندہی کی کہ کانگریس نے رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت کسانوں کو فی ایکر اراضی پر کاشت کاری کے خصوص میں 7500روپئے کی فراہمی کا وعدہ کیاتھا۔اس لحاظ سے 1.5کروڑ ایکر کےلئے جملہ 12500کروڑ روپئے درکار ہوتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ریاست میں 2لاکھ روپئے تک کہ قرضہ جات کے حامل کسانوں کی جملہ تعداد 40لاکھ ہے جبکہ قرض معافی اسکیم کے تحت صرف 10لاکھ کسانوں کو ہی فائدہ پہنچایاگیاہے۔انہوںنے کہاکہ کانگریس کے برسر اقتدار آنے کے بعد کسانوں کے خودکشی واقعات میں اضافہ ہواہے۔
راجیشو ر ریڈی نے رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت کسانوں کو فی الفور مالی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔انہوںنے کہاکہ ریونت ریڈی اور ان کے کابینی رفقاءجھوٹے وعدوں کے ذریعہ کسانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔راجیشور ریڈی نے یاددلایاکہ بی آرایس کے دورحکومت میںکسانوں کو خاطر خواہ مالی امداد فراہم کی گئی تھی۔رعیتو بندھو اسکیم کے تحت کسانوں کو 70ہزار کروڑ روپئے مالی امداد فراہم کی گئی اور کسانوں کے 30ہزار کروڑ روپئے مالیتی قرضہ جات معاف کئے گئے۔علاوہ ازیں 1.2لاکھ کسانوں کے افراد خاندان کو انشورنس کے طور پر 7ہزار کروڑ روپئے ادا کئے گئے۔انہوںنے کانگریس حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ اپنے وعدوں کو پورا کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ تمام مستحق کسان قرض معافی اسکیم سے مستفید ہوں۔اس موقع پر ارکان اسمبلی کے پی وویکا نندا اور کے لکشمی نے بھی خطاب کیا۔