ٹرمپ پر حملے کی ایف بی آئی تحقیقات کا آغاز
مہلوک حملہ آور کی تھامس میتھیو کروکس کی حیثیت سے شناخت۔واقعہ خوفناک تجربہ:ریپبلکن ایم پی جیکسن
امریکہ کے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر ہفتہ کی شام ہوئے جان لیوا حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے ۔مقامی میڈیا نے اتوار کو علی الصبح اطلاع دی کہ ایف بی آئی نے حملہ آور کی شناخت پنسلوانیا کے 20 سالہ تھامس میتھیو کروکس کے طور پر کی ہے اور اس نے تفتیش شروع کر دی ہے ۔’این بی سی’ اور ‘سی بی ایس’ نے ایف بی آئی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ” ایف بی آئی نے پنسلوانیا کے بٹلر میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی ریلی کے دوران ان پر حملہ کرنے والے شخص کی شناخت پنسلوانیا کے بیتھل پارک کے 20 سالہ تھامس میتھیو کروکس کے طور پر کی ہے ۔واقعے کے فوری بعد الرٹ سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔ اس کے لیے مسٹر ٹرمپ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور الرٹ سیکورٹی اہلکاروں کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔اس حملے میں مسٹر ٹرمپ کے دائیں کان میں گولی لگی اور وہ بال بال بچ گئے ۔ اس واقعے میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے اور ٹیکساس کے ریپبلکن ایم پی رونی جیکسن کے بھتیجے سمیت دو افراد شدید طورپر زخمی ہو گئے ۔مسٹر جیکسن نے ‘فاکس نیوز’ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بھتیجے کی ‘گردن’ میں چوٹ لگی ہے ۔ ایک گولی اس کی گردن سے گزری جس سے خون بہہ رہا تھا۔ ایم پی نے اس واقعہ کو ‘خوفناک تجربہ’ قرار دیا۔سیکریٹ سروس نے ایک بیان میں کہا، “شوٹر مارا گیا”۔ ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک اور دو دیگر تماشائی زخمی ہو گئے ۔ اس واقعے کی تحقیقات قتل کی کوشش کے طور پر کی جا رہی ہے ۔امریکی صدر جو بائیڈن سمیت پوری دنیا کی اہم شخصیات نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے ۔