تلنگانہ:مامنورایرپورٹ کی توسیع، اراضیات سے محروم ہونے والے کسانوں کااحتجاج

تلنگانہ:مامنورایرپورٹ کی توسیع، اراضیات سے محروم ہونے والے کسانوں کااحتجاج
حیدرآباد4مارچ: مرکزی حکومت نے تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں مامنورایئرپورٹ کی تعمیر و ترقی کی منظوری دے دی ہے، جس سے یہ ریاست کا دوسرا تجارتی ایرپورٹ بن جائے گا۔ اگرچہ اس ترقی کی کئی حلقوں کی جانب سے ستائش کی جارہی ہے، لیکن مقامی کسانوں نے اس منصوبے پر خدشات کا اظہار کیا ہے، کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ یہ ان کے روزگار پر اثر ڈال سکتا ہے اوروہ اپنی اراضیات سے محروم ہوسکتے ہیں۔ ضلع کے نکلاپلی، گنٹورپلی، نالا کنٹہ اور گڈی پلی مواضعات کے کسانوں نے منگل کو نکلاپلی اور گنٹور پلی کے درمیان دھرنا دیا۔ گنٹور پلی اور گڈی پلی کے کسانوں نے اپنے گاؤں کو جانے والی سڑک کے لیے متبادل سڑک کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسانوں کو مارکٹ قیمت پر معاوضہ ملنے پر ہی اس ایرپورٹ کی ترقی اورتوسیع کیلئے ان کی اراضیات دی جائیں گی۔ان کا کہنا ہے کہ وہ سروے کی اجازت تب ہی دیں گے جب مناسب معاوضہ اور متبادل سڑکیں دکھائی جائیں گی۔ کسانوں نے بتایا کہ عوامی نمائندوں نے پہلے اراضیات کے لیے اراضیات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ عوامی نمائندے اپنی بات پر قائم رہیں۔ اس دوران پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے تھے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ سروے کو روک دیا جائے گا۔اس مسئلہ پر کسانوں کی پولیس سے بحث وتکرارہوگئی۔