تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

کے سی آر کی سالگرہ کے موقع پر محمد محمود علی کی قیادت میں بی آر ایس قائدین کی درگاہ حضرات یوسفینؒ پر حاضری

کے سی آر کی سالگرہ کے موقع پر محمد محمود علی کی قیادت میں بی آر ایس قائدین کی درگاہ حضرات یوسفینؒ پر حاضری

 کے سی آر کی صحت، درازی عمر اور دوبارہ اقتدار کے لیے دعا

حیدرآباد، 17 فروری: ریاست تلنگانہ کے اولین وزیر اعلیٰ، تلنگانہ تحریک کے روح رواں اور بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے سربراہ جناب کلواکنٹلہ چندرشیکھر راؤ کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر سابق وزیر داخلہ و رکن قانون ساز کونسل جناب محمد محمود علی کی قیادت میں بی آر ایس کے اقلیتی قائدین نے درگاہ حضرت یوسفینؒ، نامپلی میں حاضری دی۔

اس موقع پر قائدین نے چادر شریف چڑھائی اور گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے ریاست کی خوشحالی، عوام کی فلاح و بہبود اور قائدِ تلنگانہ جناب کے چندرشیکھر راؤ کی درازی عمر، صحت و تندرستی کے لیے خصوصی دعا کی۔ قائدین نے دعا کی کہ جناب چندرشیکھر راؤ ایک بار پھر ریاست تلنگانہ کی قیادت سنبھالیں اور اپنی مدبرانہ قیادت میں ریاست کو مزید ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔

بی آر ایس قائدین نے اس موقع پر ریاست تلنگانہ کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور تمام طبقات کی خوشحالی کے لیے بھی دعا کی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جناب کے چندرشیکھر راؤ نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا مقصد بنایا ہے اور ان کی قیادت میں تلنگانہ نے بے مثال ترقی کی ہے۔ ان کی قیادت میں ریاست کے اقلیتی طبقات کو خصوصی مراعات اور اسکیمات کے ذریعہ بااختیار بنایا گیا ہے۔

اس موقع پر سینئر بی آر ایس قائدین محمد اعظم علی، خواجہ بدرالدین، محمد منیرالدین، اکبر شریف، محمد کلیم کے علاوہ یوتھ لیڈر محمد فرقان احمد اور کئی اہم بی آر ایس اقلیتی قائدین وکارکنان بھی موجود تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button