کے سی آر اور ان کے سپاہیوں کو دبانا کسی کے بس کی بات نہیں
ہم خوفزدہ ہونے والے نہیں۔عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے جدو جہدکا عزم : رکن کونسل کویتا

کے سی آر اور ان کے سپاہیوں کو دبانا کسی کے بس کی بات نہیں
کانگریس حکومت اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کے لئے انتقامی سیاست پر عمل پیرا
بی آر ایس کارکنوں پر جھوٹے مقدمات کا اندراج غیر جمہوری اور آزادی اظہار خیال پر رکیک حملہ
ہم خوفزدہ ہونے والے نہیں۔عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے جدو جہدکا عزم
ریاست میں تمام طبقات مشکلات کا شکار ۔کھمم میں کے کویتا کی پریس کانفرنس
کھمم: رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے آج اپنے دورۂ کھمم کے موقع پر بی آر ایس لیڈر ایل سریندر سے جیل میں ملاقات کی جنھیں حکومت کی جانب سے غیر مجاز طورپر مقدمات میں محروس رکھا گیا ہے۔ بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کویتا نے ریاست میں جاری سیاسی انتقامی کارروائیوں پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور کانگریس حکومت کو شدیدتنقید کا نشانہ بنایا۔
کلواکنٹلہ کویتا نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی میدان میں اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے بی آر ایس کارکنوں کو غیر قانونی طور پر نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایس سی، ایس ٹی اٹراسٹی قانون کا غلط استعمال کرتے ہوئے بے گناہ افراد پر جھوٹے مقدمات درج کر رہی ہے تاکہ اپوزیشن کی آواز کو دبایا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کانگریس حکومت کے پاس ریاست کی ترقی کے لئے کوئی واضح حکمت عملی نہیں ہے جس کی وجہ سے عوام میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔ کسان، طلبہ، خواتین اور تمام طبقات حکومت سے نالاں ہیں کیونکہ 14 ماہ کی حکمرانی میں ریاست کو کسی بھی قسم کا فائدہ نہیں پہنچا۔بی آر ایس لیڈر ایل سریندر کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے کویتا نے کہا کہ سریندر پر محض اس لئے مقدمہ درج کر کے جیل بھیج دیا گیا کیونکہ وہ گرام سبھاؤں میں حکومت کی ناکامیوں پر استفسار کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی کارروائی سراسر غیر جمہوری اور آزادی اظہار پر رکیک حملہ ہے۔
عوام،حکومت کی ناکامی اور دھوکے کو جان چکے ہیں۔14 ماہ کی حکمرانی میں حکومت نے ریاست کو کچھ فائدہ نہیں پہنچایا ۔یہ سب پر عیاں ہو چکا ہے۔اسی خوف کی وجہ سے بے قصور لوگوں پر مقدمات درج کر کے جیل بھیجا جا رہا ہے۔کویتا نے واضح کیا کہ کے سی آر اور ان کے سپاہیوں کو دبانا کسی کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ہم ان غیر مجاز مقدمات سے خوفزدہ ہونے والے نہیں اور عوام کے مفادات کے تحفظ کے لئے حکومت کی ناکامیوں کو ہر فورم پر بے نقاب کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کانگریس حکومت کو انتباہ دیا اور کہا کہ جب تک حکومت اپنے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کرتی۔ بی آر ایس پارٹی، حکومت کوچین سے نہیں بیٹھنے دے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومت کی ناکامیوں کے خلاف آواز بلند کریں اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لئے متحد ہو جائیں۔