تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

مسلمانوں کو بی سی میں شامل کیا گیا تو پورا ہندو سماج بغاوت کرے گا:بنڈی سنجے

مسلمانوں کو بی سی میں شامل کیا گیا تو پورا ہندو سماج بغاوت کرے گا:بنڈی سنجے

مرکزی مملکتی وزیرداخلہ بنڈی سنجے نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر مسلمانوں کو بی سی میں شامل کیا گیا تو پورا ہندو سماج بغاوت کرے گا۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ بی سی طبقہ کو حاصل ریزرویشن کی فہرست میں مسلمانوں کی شمولیت کی منظوری کا کوئی فائدہ نہیں ہے اور بی سی طبقات کو حاصل ریزرویشن کی فہرست میں مسلمان کبھی بھی قابل قبول نہیں ہیں۔انہوں نے بی سی طبقات کیلئے 42فیصدریزرویشن کی فراہمی کیلئے ریاستی اسمبلی میں بل کی منظوری اوراسے مرکز کو پارلیمنٹ کی منظوری کیلئے بھیجنے کے سلسلہ میں تلنگانہ کی کانگریس حکومت کے فیصلہ پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن کے خلاف ہے۔اس کے باوجود کانگریس اس کومرکز پر مسلط کرنے کی کوشش کررہی ہے۔یہ بات واضح ہے کہ کانگریس بی سی ریزرویشن کی فراہمی میں سنجیدہ نہیں ہے۔ بی سی طبقہ کے ریزرویشن میں مسلمانوں کو شامل کرنے سے بی سی کو ان تحفظات سے محروم کردیا جائے گا جس کے وہ حقدار ہیں۔ کانگریس ایم ایل سی انتخابات میں عواقب کاسامناکرے گی۔اگرکانگریس سنجیدہ ہے تو اس کو چاہئے کہ وہ بی سی کی فہرست سے مسلمانوں کو نکال دے اوربی سی طبقات کو42فیصدریزرویشن فراہم کیاجائے۔کانگریس اپنے وعدوں پر بی سی طبقات کو دھوکہ دے رہی ہے۔انہوں نے تمام بی سی طبقات سے خواہش کی کہ وہ کانگریس کی دغابازی کومحسوس کریں۔انہوں نے کریم نگرضلع میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ کانگریس پارٹی بی سی طبقہ کے ساتھ شدیدناانصافی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ایم ایل سی انتخابات میں کانگریس حکومت کو سبق سکھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدے کے مطابق بی سی کے لیے 42 فیصد ریزرویشن کو نافذ کیا جانا چاہیے۔انہوں نے بی سی طبقہ کومکمل طورپرنظرانداز کرنے کا ریونت ریڈی پر الزام لگایا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس میں بلدیات کے انتخابات لڑنے کی ہمت نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button