شب برات: والدین اور سرپرست اپنے بچوں کو گاڑیاں نہ دیں
شب برات کے پیش نظر محمد اعظم علی کا فکر انگیز پیام

شب برات: والدین اور سرپرست اپنے بچوں کو گاڑیاں نہ دیں
شب برات کے پیش نظر محمد اعظم علی کا فکر انگیز پیام
پروردگار عالم کی رضا و خوشنودی کے لئے عبادات اور اذکار میں مشغول رہنے کی تلقین
حیدرآباد: سینئر بی آر ایس قائد محمد اعظم علی نے شب برات کے موقع پر ایک اہم ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے نوجوان لڑکوں کو رات کے وقت گاڑیاں چلانے کی اجازت نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدس رات کو عبادت میں گزارنے کے بجائے بعض نوجوان سڑکوں پر غیر ضروری گھومتے ہیں اور خطرناک کرتب بازیوں میں ملوث ہو کر اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔
انہوں نے شب معراج کے موقع پر پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تین معصوم لڑکے اپنی قیمتی جانیں گنوا بیٹھے، جو ایک گہری تشویش کا باعث ہے۔ اس طرح کے حادثات سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ والدین اپنے بچوں پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں ذمہ داری کا احساس دلائیں۔
محمد اعظم علی نے کہا کہ شب برات ایک بابرکت رات ہے، جو مغفرت اور رحمت کی رات کہلاتی ہے۔ اس رات کو عبادت اور دعاؤں میں گزارنا چاہیے نہ کہ غیر ضروری سرگرمیوں میں ملوث ہو کر اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالنا چاہیے۔
انہوں نے حیدرآباد کے کمشنر پولیس سی وی آنند سے بھی اپیل کی کہ وہ شب برات کے موقع پر خصوصی حفاظتی اقدامات کریں، خاص طور پر رات کے وقت فلائی اوور برجز کو بند کرنے کے احکامات جاری کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
انہوں نے نوجوانوں سے درخواست کی کہ وہ اس بابرکت موقع کو غنیمت جانیں اور اللہ تعالیٰ کی رضا اور مغفرت کے حصول کے لیے عبادات میں مشغول رہیں۔