تعلیم کیلئے حوصلہ افزائی پر غریب طالبہ سب انسپکٹر اور لکچرر، کانسٹیبل بن گیا

تلنگانہ: تعلیم کیلئے حوصلہ افزائی پر غریب طالبہ سب انسپکٹر اور لکچرر، کانسٹیبل بن گیا۔دونوں ایک ہی پولیس اسٹیشن میں تعینات
حیدرآباد6فروری: غریب پس منظر کی حامل طالبہ کی تعلیم کیلئے حوصلہ افزائی پر طالبہ سب انسپکٹربن گئی اور اس کی حوصلہ افزائی کرنے والا لکچرر، کانسٹیبل بن گیا۔ یہ دونوں ایک ہی پولیس اسٹیشن میں تعینات ہیں۔یہ انوکھاواقعہ تلنگانہ کے وقارآبادضلع میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع کے گاؤں چوہدری گوڑا سے تعلق رکھنے والا پربھاوت لالیا نائک پرگی کے ایک پرائیویٹ جونیئر کالج میں لکچررکے طورپرخدمات انجام دے رہا تھا۔غریب خاندان سے تعلق رکھنے والا نائک کافی جدوجہد کے بعد اس مقام پر پہنچاتھا۔اس نے پرگی میں سرکاری ہاسٹل میں انٹرمیڈیٹ مکمل کیا۔ بعد ازاں، پالوانچہ میں اپنی ڈگری مکمل کرنے کے بعد، اس نے ایم اے اور بی ایڈ مکمل کیا اور پرگی کے ایک پرائیویٹ جونیئر کالج میں بطور لکچررخدمات انجام دے رہا تھا۔اسی دوران کوویڈ وبا کی وجہ سے وہ اپنی ملازمت سے محروم ہوگیا۔ اس نے عزم کے ساتھ مسابقتی امتحانات کی تیاری کی اور 2020 میں بطور کانسٹیبل منتخب ہوا۔ وہ فی الحال رنگاریڈی ضلع کے معین آباد پولیس اسٹیشن میں کانسٹیبل کے طور پر خدمات انجام دے رہاہے۔جب نائک لکچررکے طورپرخدمات انجام دے رہا تھاتو اسی ضلع کے مکتا وینکٹا پور گاؤں کے غریب خاندان سے تعلق رکھنے والی جبینہ بیگم نے انٹرمیڈیٹ میں داخلہ حاصل کیا۔ نائک نے اس کی حوصلہ افزائی کی کیونکہ وہ تعلیم کیلئے کافی پُرعزم تھی۔ جب وہ انٹرمیڈیٹ سال دوم میں تھی تو نائک کو پتہ چلا کہ اس کے والدین اس کی شادی کروانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے اس نے طالبہ کے والدین سے بات کی اور شادی کو منسوخ کر دیا۔ جبینہ بیگم نے کہا کہ نائک نے اس وقت تک ان کی مدد کی جب تک انہوں نے اپنا انٹرمیڈیٹ اور پھر اپنی ڈگری مکمل نہیں کرلی۔ وہ مسابقتی امتحانات کی تیاری میں بھی مددگار ثابت ہوئے۔جبینہ بیگم نے 2024 میں ایس آئی کا امتحان کامیاب کیا۔ ایک سال کی تربیت مکمل کرنے کے بعد، وہ معین آباد پولیس اسٹیشن میں بطور ایس آئی (پروبیشن) تعینات ہوئیں۔ جب نائک کو پتہ چلا کہ ان کی شاگرد ذمہ داری سنبھالنے کیلئے آرہی ہے تو وہ پولیس اسٹیشن پہنچ گئے جہاں انہوں نے جبینہ بیگم کو پولیس اسٹیشن کی مین گیٹ پر سیلوٹ کیا۔ غریب پس منظر کی حامل طالبہ کی تعلیم کیلئے حوصلہ افزائی پر یہ طالبہ آگے چل کرسب انسپکٹربن گئی اور اس کی حوصلہ افزائی کرنے والا لکچرر، کانسٹیبل بن گیا جس نے اس نئی ذمہ داری سنبھالنے پراس کومبارکباد دی اوراس کوسیلوٹ کیا۔