ویمنس انڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ، کرکٹر جی تریشا کا حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پر شاندار استقبال

ویمنس انڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ، کرکٹر جی تریشا کا حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پر شاندار استقبال
ویمنس انڈر 19 ٹی 20 ورلڈکپ میں نمایاں مظاہرہ کرنے والی تلنگانہ کی خاتون کرکٹر جی تریشا کا حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔ ہندوستانی ٹیم کی تلگو کھلاڑی تریشا انڈر 19 ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد منگل کو وطن واپس ہوئیں۔ حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر جگن موہن راؤ اور کرکٹ شائقین نے ان کا شاندار استقبال کیا جو ملیشیا سے شمس آباد ایرپورٹ پر پہنچیں۔ اس موقع پر تریشا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا”ہمیں خوشی ہے کہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں ہماری محنت رنگ لائی ہے“۔ انہوں نے کہا کہ اب سے وہ مزید محنت کریں گی اور قومی خواتین کرکٹ ٹیم میں جگہ حاصل کرنے کے مقصد کے ساتھ آگے بڑھیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ورلڈ کپ جیسے میگا ٹورنمنٹ سے کوئی دباؤ نہیں لیا۔تریشا نے اپنی ٹیم کی ستائش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ہر کامیابی کے پیچھے ان کے والد کا ہاتھ ہے اور انہیں بی سی سی آئی اور ایچ سی اے سے مکمل تعاون حاصل ہے۔ تریشا نے ان تمام افرادکا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی تائید کی اوران کے مظاہرہ کی ستائش کی۔ تریشا کا تعلق تلنگانہ کے بھدراچلم سے ہے جنہوں نے ٹیم انڈیا کے ورلڈ کپ جیتنے میں کلیدی کردار ادا کیا، انہوں نے بلے بازی اور گیند بازی دونوں کے شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کو دوسرا انڈر 19 ورلڈ کپ دلایا۔تریشا نے نہ صرف ایک میچ میں بلکہ پورے ٹورنمنٹ میں اپنی شاندار کارکردگی سے متاثر کیا۔