تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

عوام کی فلاح وبہبود کو نظر انداز کرنے پر کانگریس کو ہرگز معاف نہیں کیاجائے گا

میں بھی عوامی تحریکات میں حصہ لوںگا۔جارحانہ موقف اختیار کرنے کا وقت آچکا ہے ۔بی آر ایس سربراہ وسابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راﺅ کی گھن گرج

عوام کی فلاح وبہبود کو نظر انداز کرنے پر کانگریس کو ہرگز معاف نہیں کیاجائے گا
میں بھی عوامی تحریکات میں حصہ لوںگا۔جارحانہ موقف اختیار کرنے کا وقت آچکا ہے ۔بی آر ایس سربراہ وسابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راﺅ کی گھن گرج

حیدرآباد۔31جنوری(آداب تلنگانہ نیوز) سابق چیف منسٹر تلنگانہ وبی آرایس سربراہ کے چندرشیکھرراﺅ نے کہاکہ اگر کانگریس حکومت عوام کی فلاح وبہبود کو نظر انداز کرتی رہے گی تواسے ہرگز معاف نہیں کیاجائے گا۔انہوںنے اعلان کیاکہ اگرکانگریس عوام کے مسائل کی یکسوئی میں ناکام رہتی ہے تو عوام کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آئے گا۔میں بھی عوامی تحریکوں میں حصہ لوںگا۔جارحانہ موقف اختیار کرنے کا وقت آچکا ہے۔کے سی آر ظہیرآباد حلقہ کے میڈی پلی موضع کے سینکڑوں بی آرایس کارکنوںاورحامیوں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جوکہ موجودہ کانگریس حکومت کی کارکردگی سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پانچ یوم کے دوران 140کیلو میٹر کا طویل سفر پیدل طئے کرتے ہوئے کے سی آر سے ملاقات کےلئے ان کی رہائش گاہ ایرا ویلی پہنچے تھے۔سی اے جی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے چندرشیکھرراﺅ نے نشاندہی کی کہ جہاں بی آرایس حکومت میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران 15ہزار کروڑروپئے سالانہ آمدنی میں اضافہ کو یقینی بنایاگیا وہیں کانگریس کے دورحکومت میں 13ہزار کروڑروپئے کی کمی کے باعث تلنگانہ معاشی عدم استحکام سے دوچار ہوگیا۔بی آرایس سربراہ نے کہاکہ ماہرین اقتصادیات نے خدشہ ظاہر کیاہے کہ اگر ایسی ہی صورتحال مزید جاری رہی تو ریاست کی مالی حالت کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔انہوںنے نشاندہی کی کہ ریاستی حکومت سال گزشتہ مارچ سے وظیفہ پر سبکدوش ملازمین کو وظیفہ کے فوائد بھی جاری نہیں کررہی ہے۔انہوںنے تلنگانہ کی ترقی رک جانے کےلئے کانگریس کو موردالزام ٹھہرایا اور کہاکہ بی آرایس کے دورحکومت میں ریاست میں آبپاشی کی ترقی ‘مشن بھگیریتاکے تحت پینے کے پانی کی فراہمی ‘ملنا ساگر جیسے آبی ذخائر کی تعمیر اور رعیتو بندھو ‘رعیتو بیمہ جیسی بڑی فلاحی اسکیمات کا آغاز عمل میں لایاگیاتھا۔ہم نے کسانوں کے مفادات کے تحفظ کےلئے ہر ممکن مساعی کی تھی ۔تاہم اب ےہ سب کچھ تباہ ہورہاہے۔جس پر کے سی آر نے اظہار تاسف کیا۔اس موقع پر سابق ریاستی وزیر ورکن اسمبلی سدی پیٹ ہریش راﺅ ‘سابق ریاستی وزیر ورکن اسمبلی نرساپور سنیتا لکشما ریڈی‘ارکان اسمبلی چنتاپربھاکر‘مانک راﺅ اور دوسرے موجود تھے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button