تلنگانہ کے یاتریوں کے تحفظ کے لئے حکومت فوری طور پر ہیلپ لائن قائم کرے: کے کویتا
کمبھ میلہ حادثے پر شدید اظہارافسوس

کمبھ میلہ حادثے پر شدید اظہارافسوس
تلنگانہ کے یاتریوں کے تحفظ کے لئے حکومت فوری طور پر ہیلپ لائن قائم کرے: کے کویتا
حیدرآباد: رکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے پریاگ راج میں جاری مہا کمبھ میلہ کے دوران پیش آئے افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اس واقعہ میں متعدد عقیدت مندوں کی موت واقع ہوئی جب کہ کئی یاتری زخمی ہوئے۔کویتا نے اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ مہا کمبھ میلہ میں پیش آئے حادثہ میں یاتریوں کی المناک موت پر دلی صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھگدڑ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں ۔انہوں نے اس طرح کے حادثات کی روک تھام اور یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔رکنِ قانون ساز کونسل کویتا نے تلنگانہ حکومت سے اپیل کی کہ وہ مہا کمبھ میلہ میں موجود تلنگانہ کے یاتریوں کے تحفظ کے لئے فوری طور پر ایک ہیلپ لائن قائم کرے تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں تیز تر اور مؤثر مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کمبھ میلہ کے اختتام یعنی مہا شیوراتری تک حکومت یاتریوں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے اور ہر ممکن سہولت فراہم کرے۔