ہندوستان ؍ ملک کی خبریں

مودی چوتھی معیاد بھی حاصل کریں گے۔چندرابابوکویقین

مودی چوتھی معیاد بھی حاصل کریں گے۔چندرابابوکویقین

حیدرآباد23جنوری:آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے سیاسی وراثت کے تصور کو وہم قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ یہ بیان انہوں نے ڈاوس میں عالمی معاشی فورم کے دوران ایک صحافی سے بات چیت کے دوران دیا۔ اپنے بیٹے نارا لوکیش کے سیاسی کیریئر سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے چندرابابو نے کہا کہ مواقع ارد گرد کے حالات کی بنا پر پیدا ہوتے ہیں اور کامیابی ان سے فائدہ اٹھانے پر منحصر ہوتی ہے۔ چندرابابو نے وضاحت کی کہ انہوں نے کبھی بھی اپنی روزی کے لیے سیاست پر انحصار نہیں کیا، کیونکہ انہوں نے 33 سال پہلے خاندانی کاروبار قائم کر لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار لوکیش کے لئے آسان ہو سکتا تھا، لیکن وہ عوام کی خدمت کے ارادے سے سیاست میں آئے، نہ کہ خاندانی وراثت کی وجہ سے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ لوکیش عوامی خدمت میں خوش ہیں اور ان کا سیاست میں داخلہ خاندانی خواہشات سے جڑانہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے وسائل کے غلط استعمال اور دولت کے جمع کرنے کی مذمت کی، اور کہا کہ ایسی سرگرمیاں قومی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا وائی ایس جگن موہن ریڈی دوبارہ وزیر اعلیٰ بن سکتے ہیں، تو چندرابابو نے کہا کہ کوئی بھی عوام کو دھوکہ دے کر ایک بار اقتدار میں آ سکتا ہے، لیکن بار بار نہیں۔انہوں نے سیاست اور ذاتی زندگی میں اقدار کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے گجرات کی مسلسل ترقی کی ستائش کرتے ہوئے وہاں کی ترقی اورکامیابیوں کے ساتھ ساتھ فلاحی اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نریندر مودی، جو وزیر اعظم کے طور پر اپنی تیسری معیادمکمل کر رہے ہیں، چوتھی معیاد بھی حاصل کریں گے۔ چندرابابو نے کہا کہ ان کا مرکزی وزیر بننے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button