تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

غیر قانونی مقدمات میں تارک راما راو کو ماخوذکرنے وزیراعلی تلنگانہ کی کوشش:ہریش راو

غیر قانونی مقدمات میں تارک راما راو کو ماخوذکرنے وزیراعلی تلنگانہ کی کوشش:ہریش راو

تلنگانہ کے سابق وزیر وسینئر بی آر ایس لیڈر ہریش راؤ نے فارمولا ای کیس میں سابق وزیر و بی آرایس کے کارگذارصدر کے ٹی راما راؤ کو بدعنوانی سے جوڑنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے وزیراعلی ریونت ریڈی کی اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی سیاسی چال قرار دیا۔ بنجارہ ہلز میں کے ٹی راما راو کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ریونت ریڈی کو ماضی میں نقدی کے بنڈلوں کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا اور وہ جیل چلے گئے تھے، وہیں کے ٹی راما راونے شہر میں فارمولا ای ریس لاتے ہوئے حیدرآباد کی برانڈ امیج کو بہتر بنانے کے لیے انتھک محنت کی ہے۔ ہریش راؤ نے ریونت ریڈی کی جانب سے کے ٹی راما راو کو غیر قانونی مقدمات میں ماخوذ کرنے کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے نے کسی غلط کام کی تصدیق نہیں کی بلکہ محض تحقیقات پر زوردیا ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ کے ٹی راما راونے تحقیقات میں مکمل تعاون کیا ہے اور جاری رکھیں گے۔ انہوں نے تلنگانہ کی ترقی اور بہبود کے تئیں بی آر ایس پارٹی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی اغراض پر مبنی مقدمات سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ہمارا لیگل سیل ہائی کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لے گا، اور ضرورت پڑنے پر ہم مزید قانونی کارروائی کا فیصلہ کریں گے۔ کے ٹی راما راو نے کچھ غلط نہیں کیا ہے، اور ہم اعتماد کے ساتھ ان تحقیقات کا سامنا کریں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button