تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

بی آر ایس کے سینئر لیڈر ای سرینواس گرفتار

بی آر ایس کے سینئر لیڈر ای سرینواس گرفتار

حیدرآباد26دسمبر: بی آر ایس پارٹی کے سینئر لیڈر اے سرینواس کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔شہرحیدرآباد کے ویسٹ ماریڈی پلی میں واقع مکان پہنچ کر پولیس نے، گذشتہ ماہ فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ پیدا کرنے کے الزام پر ای سرینواس کوگرفتارکرلیا۔بی آرایس کے رکن اسمبلی پدی کوشک ریڈی کو بھی اس معاملہ میں گرفتارکیاگیا تھا جو ضمانت پر ہیں۔بی آرایس کے ذرائع کے مطابق پولیس، جمعرات کی صبح تقریبا پانچ بجے سرینواس کے مکان پہنچی تاکہ ان کوگرفتارکیاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ قانون کے مطابق پولیس نے کوئی نوٹس یا پھر کوئی وارنٹ بھی جاری نہیں کیا۔سرینواس کے ارکان خاندان کی اطلاع پر بی آرایس کے کئی لیڈران اورکارکن وہاں پہنچ گئے جنہوں نے پولیس کی اس کارروائی کی شدید مذمت کی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس وارنٹ دکھائے یا پھر ان کو چھوڑدے۔اس موقع پر پولیس اور بی آرایس کیڈر کے درمیان گرماگرم بحث وتکرارہوئی تاہم پولیس سرینواس کو اپنے ساتھ لے جانے میں کامیاب رہی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرینواس نے اپنی گرفتاری کو کانگریس حکومت کی جانب سے اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش قراردیا۔انہوں نے کہاکہ جھوٹے الزامات پر ان کوگرفتار کیاگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ جھوٹے وعدوں اورناکام پالیسیوں پر حکومت سے سوال کرتے رہیں گے۔چاہے کانگریس حکومت ان کے خلاف کتنے ہی مقدمات درج کیوں نہ کرے۔انہوں نے صبح کی اولین ساعتوں میں ان کے گھر پر پہنچنے پر پولیس کے اقدام کی مذمت کی۔اسی دوران بی آرایس کے کارگذارصدرتارک راما راو اوربی آرایس کے سینئرلیڈرہریش راو نے اس گرفتاری کی شدید مذمت کی۔ سرینواس کو 4 دسمبر کو بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں درج کیس میں بی آر ایس ایم ایل اے کوشک ریڈی کے ساتھ ملزمین میں سے ایک بنایاگیا ہے۔ بی آر ایس لیڈران پولیس اسٹیشن میں شکایت کرنے گئے تھے کہ ان کے فون ٹیپ کیے جارہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button