آصف آباد ضلع میں شیرکی موجودگی سے سنسنی
تلنگانہ کے آصف آباد ضلع میں شیرکی موجودگی سے سنسنی
حیدرآباد26دسمبر:تلنگانہ کے آصف آباد ضلع میں شیرکی موجودگی سے سنسنی پھیل گئی۔ ضلع کے پنچکل پیٹ منڈل کے کئی مواضعات میں رہنے والوں میں خوف پایاجاتا ہے۔محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے گونٹلاپیٹ گاؤں میں ندی کے کنارے شیر کے پنجوں کے نشانات ریکارڈ کئے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک شیر پنچکل پیٹ کے جنگلات میں پچھلے کچھ دنوں سے گھوم رہا ہے۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ فصلوں کو جانوروں کے نقصان سے بچانے کے لیے بجلی کی باڑ لگا کر شیر کو نقصان نہ پہنچائیں۔ حکام نے شہریوں سے کہا کہ وہ شیر سے چوکس رہیں۔اس سلسلہ میں مقامی افراد میں بیداری پیدا کی گئی۔ انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ صبح 10 بجے تک کھیتوں میں داخل نہ ہوں۔ انہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ زرعی سرگرمیو ں کے لئے گروپس میں جائیں۔ انہوں نے جنگل کے قریب رہنے والے افراد سے درخواست کی کہ وہ لکڑی اور دیگر ضروریات کے لیے جنگلوں میں نہ جائیں۔