ایپا لبا س میں درگاہ پر حاضری، اداکاررام چرن پر ایپابھکتوں کی شدید تنقید
حیدرآباد۔21نومبر(آداب تلنگانہ نیوز)ٹالی ووڈ اداکار رام چرن کے آندھرا پردیش کی مشہور امین پیردرگاہ پر ایپالباس میں حاضری اور چادرگل پیش کرنے پر ایپا بھکتوں نے اعتراض کیا جنہوں نے اداکار پر مذہبی رسومات کا احترام نہ کرنے پر تنقید کی۔اداکار درگاہ شریف میں 80 ویں قومی مشاعرہ کے مہمان خصوصی کے طور پر درگاہ پہنچے تھے۔ایپابھکتوں نے اس واقعہ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اداکار سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ’دیکشا‘ سے دستبردارہوجائیں اور تمام ایپاکے عقیدت مندوں وپوری ہندو برادری سے معافی مانگیں۔اداکار کا دفاع کرتے ہوئے، ان کی اہلیہ اپاسنا نے درگاہ میں اداکار کی تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کی۔ انہوں نے لکھا کہ عقیدے متحد ہوتے ہیں، کبھی تقسیم نہیں ہوتے۔ ہندوستانیوں کے طور پر، ہم خداکے تمام راستوں کا احترام کرتے ہیں۔ ہماری طاقت اتحاد میں ہے۔ رام چرن اپنے مذہب کی پیروی کرتے ہوئے دوسرے مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔
#Ram Charan