تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

تلنگانہ کے ضلع مُلگ میں 5.3 شدت کا زلزلہ۔حیدرآباد اورتلنگانہ کے دیگر علاقے بھی متاثر

حیدرآباد4 دسمبر:تلنگانہ کے ضلع مُلگ میں 5.3 شدت کا زلزلہ محسوس کیاگیا۔مُلگ کے ساتھ ساتھ تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد اور آندھرا پردیش کے بعض حصوں میں بھی یہ جھٹکے محسوس کیے گئے، نیشنل سنٹر فار سیسمولوجی نے بتایا کہ یہ زلزلہ صبح 7 بج کر 27 منٹ پر محسوس کیاگیا جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ان جھٹکوں کے نتیجہ میں جانی یا مالی نقصان کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ ماہرین نے زلزلے کے دوران شہریوں کو چوکس رہنے اور ہجوم یا غیر محفوظ عمارتوں میں رہنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ان جھٹکوں کے ساتھ ہی عوام میں خوف دیکھاگیا۔کئی افراد اپنی عمارتوں کوچھوڑ کرکھلے آسمان کے نیچے جانے لگے۔مُلگ کے ایس پی شبریش نے بتایا کہ پولیس کی ٹیمیں پٹرولنگ کررہی ہیں اورزلزلے کے اثرات کا پتہ چلانے کی کوشش کررہی ہیں۔ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسرراہل جادھو نے کہا کہ یہ جھٹکے چند سکنڈس کیلئے ہی محسوس کئے گئے۔زلزلہ کا مرکز، ضلع کے حالیہ دنوں میں بارش سے متاثرہ علاقہ تھا تاہم ڈائرکٹر سی ایس آئی آر۔این جی آر آئی پرکاش کمار نے کہا کہ مُلگ ضلع کے میڈارم میں زلزلہ کا مرکز رہا۔انہوں نے کہا کہ حیدرآبادمیں بھی ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ورنگل، کوتہ گوڑم، بھدراچلم، کھمم اوردیگر علاقوں میں بھی جھٹکوں کے محسوس ہونے کی اطلاعات ہیں۔علاوہ ازیں بی ایچ ای ایل،آرسی پورم،سنگاریڈی ٹاون کے ساتھ ساتھ سنگاریڈی ضلع میں بھی یہ جھٹکے محسوس کئے گئے۔سی سی ٹی وی کیمروں میں زلزلے کے جھٹکوں کی ویڈیوزقید ہوگئیں۔

مقامی افراد نے بتایا کہ یہ جھٹکے تقریبا 6تا10سکنڈس کیلئے محسوس کئے گئے۔ نیشنل سنٹر فار سیسمولوجی نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں زلزلہ ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔ہندوستان میں چار زلزلہ زدہ زون ہیں۔زون 2، زون 3، زون 4، اور زون5۔ تلنگانہ کو زون2 میں گروپ میں شامل کیاگیا ہے جو کم شدت والا زون ہے۔ ملک کا تقریباً 11 فیصد علاقہ زون 5 میں آتا ہے، تقریباً 18فیصد زون 4 میں، تقریباً 30 فیصد زون3 میں اور باقی زون2 میں آتا ہے۔ ہندوستان کا تقریباً 59 فیصد حصہ (ہندوستان کی تمام ریاستوں کا احاطہ کرتا ہے) جومختلف شدت کے زلزلوں کا شکار ہے۔

حیدرآباد میں واقع نیشنل جیو فزیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (این جی آر آئی) کے شعبہ زلزلہیات کے سابق سربراہ ڈاکٹر سری ناگیش کے مطابق، اس سے قبل 1969 میں بھدراچلم کے علاقے میں اتنی شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ انہوں نے کہا، "این جی آر آئی کا زلزلہیات کا شعبہ پچھلی کئی دہائیوں سے بھدراچلم-میدارم سیکشن کی زلزلہ خیزی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے کیونکہ یہ علاقہ زلزلہ خیز زون 3 میں آتا ہے۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران اس علاقے میں 2 سے 4 شدت کے زلزلے اکثر محسوس کیے گئے ہیں۔ تاہم، 1969 کے بعد پہلی مرتبہ 5.3 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔”

 

تلنگانہ ویدرمین نے ٹوئیٹ میں کہا ”پچھلے 20 سالوں میں پہلی بار، تلنگانہ میں سب سے زیادہ طاقتور زلزلہ آیا جس کا مرکز مُلگ رہا جہاں پر 5.3 شدت کا زلزلہ محسوس کیاگیا۔

#5.3 magnitude earthquake strikes Mulugu, impacts Telangana

متعلقہ مضامین

Back to top button