بی آر ایس پارٹی سیکولرازم کے تحفظ کے لئے پابندعہد ۔تمام طبقات کی ترقی اولین ترجیح، گنگا پتر سنگم اور عیسائی برادری کے رہنماؤں کے ساتھ اجلاس ۔کویتا کا اظہار خیال
حیدرآباد، 3 دسمبر: رکن قانون ساز کونسل بی آرایس کلواکنٹلہ کویتا نے آج ان کی رہائش گاہ پر گنگا پتر سنگم اور عیسائی برادری کے رہنماؤں کے ساتھ الگ الگ اجلاس منعقد کئے ۔
مذکورہ اجلاس میں بی سی طبقات کے مسائل اور ریاست میں سیکولرازم کے تحفظ پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ گنگا پتر سنگم کے رہنماؤں نے تلنگانہ جاگروتی کی جانب سے بی سی کمیشن کو ذات پات پر مبنی مردم شماری کی جامع رپورٹ پیش کرنے پر ایم ایل سی کویتا سے اظہار تشکر کیا اور کانگریس حکومت پر کاماریڈی ڈکلیریشن کے نام پر بی سی طبقے کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا ۔
رہنماؤں نے کویتا سے درخواست کی کہ وہ اس مسئلہ کو قانون ساز کونسل میں اٹھائیں ۔ عیسائی برادری کے رہنماؤں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں بی آر ایس قائد کویتا نے پر زور انداز میں کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس پارٹی سیکولرازم کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے ۔
انہوں نے کانگریس حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ کانگریس کےدور اقتدار میں فرقہ وارانہ فسادات نے معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچایا ہے۔ کویتا نے یقین دلایا کہ بی آر ایس تمام طبقات بشمول عیسائی برادری کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لئے موثر اقدامات جاری رکھے گی ۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنا بی آر ایس کی ترجیحات میں شامل ہے اور بی سی کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ سیکولر اقدار کا تحفظ بی آر ایس کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے ۔
#BRS committed to secularism and inclusive development: Kavitha