تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

ملگ میں انکاﺅنٹر ‘7ماﺅنوازہلاک

مہلوکین میں پاپنا بھی شامل ۔نکسلائٹس پر قومی دھارے میں شامل ہوجانے پر زور

حیدرآباد۔یکم ڈسمبر(آداب تلنگانہ نیوز)تلنگانہ کے ضلع مُلگ میں پیش آئے انکاونٹرمیں 7ماونوازہلاک ہوگئے ۔یہ انکاونٹراتوارکو ضلع کے ایٹونگرم منڈل کے چلپاکا جنگلات میں پیش آیا۔مہلوکین میں ماﺅسٹ ا یلندو۔نرسم پیٹ ایریا کمیٹی کا کمانڈر بدرو عرف پاپنا بھی شامل ہے ۔ پولیس نے تصادم کی جگہ سے آتشیں اسلحہ برآمد کرلئے۔ انکاﺅنٹر میں گرے ہاﺅنڈز اور مقامی پولیس نے حصہ لیا۔پولیس کے مطابق، اینٹی ماﺅسٹ اسکواڈ کے ساتھ مل کر، تلنگانہ گرے ہاﺅنڈس نے جنگل میں مشترکہ تلاشی آپریشن انجام دیا۔

سیکورٹی فورسس کا سامنا کرنے پرماﺅنوازوں نے مبینہ طور پر فائرنگ کی، جس پر پولیس جوابی کارروائی کرنے پر مجبور ہوگئی۔فائرنگ کے تبادلے میں سات ماﺅنواز ہلاک ہوگئے ۔ مہلوکین کی شناخت نرسم پیٹ ایریا کمیٹی کے کمانڈر بدرو عرف پاپنا کے علاوہ ایگولاپو ملیا عرف مادھو،دیول عرف کروناکر،جئے سنگھ،کشور، اور کامیش کے طورپر کی گئی ہے ۔پاپنا کے اوپر 20لاکھ روپئے کا انعام تھا۔ضلع ایس پی ملگ پی سبریش کے مطابق مقام واقعہ سے ضبط کردہ اسلحہ میں دو اے کے 47رائفلس بھی شامل ہیں۔مسلح سی پی آئی ماﺅنوازوں نے خودسپردگی کی اپیل کے باوجود پولیس ملازمین پر اندھادھند فائرنگ کردی۔

انہوںنے کہاکہ پولیس نے اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کی۔پولیس فائرنگ میں 7ماﺅنواز ہلاک ہوگئے۔مقام واقعہ سے لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ باقی ماﺅنواز فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔واضح رہے کہ ماﺅنوازوں نے پولیس مخبر ہونے کے شبہ میں گزشتہ ماہ ملگ ضلع کے ایک موضع میں دوافراد کو قتل کردیاتھا۔ایڈیشنل ڈی جی پی لاءاینڈ آرڈر مہیش ایم بھاگوت نے آپریشن پر پولیس ٹیموں کی ستائش کی اور باقی ماﺅنوازوں پر قومی دھارے میں شامل ہوجانے پر زوردیا۔واضح رہے کہ آج جس مقام پر انکاﺅنٹر پیش آیا ۔وہاں 21جون 1991کو ماﺅنوازوں نے بارودی سرنگ کے ذریعہ پولیس کی جیپ کو دھماکہ سے اڑادیاتھا۔اس وقت سی آئی ایٹونگرم سنتوش کمار ‘ایس آئی کشور اور دیگر پانچ پولیس ملازمین کی ہلاکت واقع ہوئی تھی۔

#Encounter in Mulugu: 7 Maoists killed

متعلقہ مضامین

Back to top button