ضلع آصف آباد کے سرپور میں درجہ حرارت 9.7 ڈگری درج
تلنگانہ:ضلع آصف آباد کے سرپور یو میں درجہ حرارت 9.7ڈگری درج
تلنگانہ میں سردی کی لہرمیں روزبروزاضافہ ہوتاجارہا ہے۔آصف آباد ضلع شدید متاثر ہے جہاں سردی کے ساتھ ساتھ کہر کی گھنی چادر بھی دیکھی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، بدھ کو ضلع کے سرپور (یو) میں 9.7 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو ریاست کا دوسرا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔ ضلع میں زیادہ تر جنگلات اور پہاڑیاں ہیں جس کی وجہ سے دوسرے اضلاع کے مقابلے یہاں سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا جاتا ہے۔ صبح کے وقت کہر کے باعث سڑکوں پر آنے جانے والی گاڑیاں بھی نظر نہیں آرہی ہیں۔ ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر سیتارام نائک نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ چوکس رہیں، صرف دوپہر کے وقت کام کریں، صبح و شام ایمرجنسی کی صورت میں ہی گھروں سے نکلیں۔ ضلع کے سرپور (یو) میں درجہ حرارت 9.7، کیرامیری میں 12.3، گنے دھاری میں 12.6، آصف آباد میں 12.7، چنتلا مانی پلی میں 13.4، تریانی میں 11.1، وانکیڈی میں 12.4، دہیگام میں 13.7 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔