جرائم و حادثات

ایمبولنس ڈرائیور نے قلب پر حملہ کے مریض کو گاڑی سے نیچے اتاردیا

منیجر کے حکم پر عمل کرنے کااظہار۔بھوپال پلی میں واقعہ

ایمبولنس ڈرائیور نے قلب پر حملہ کے مریض کو گاڑی سے نیچے اتاردیا
منیجر کے حکم پر عمل کرنے کااظہار۔بھوپال پلی میں واقعہ
کلکٹر راہول شرما سے شکایت ۔کارروائی کی درخواست

حیدرآباد۔17نومبر(آداب تلنگانہ نیوز)ضلع بھوپال پلی کے کالیشورم منڈل کے کنے پلی موضع میں ایک حیرت انگیز واقعہ میں 108 ایمبولنس کے ڈرائیور نے قلب پر حملہ کے مریض کو ہائی وے پر اتاردیااور تیزرفتاری سے ایمبولنس لے کر روانہ ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق کنے پلی موضع کے ساکن ایس باپو ریڈی کو ہفتہ کے دن دل کا دورہ پڑا اور انہیں مہا دیوپور کے ایک دواخانہ سے رجوع کیا گیا۔ ڈاکٹر نے باپو ریڈی کا معائنہ کیا اور باپو ریڈی کے افراد خاندان کو مشورہ دیا کہ وہ مریض کو ایم جی ایم ہاسپٹل ورنگل منتقل کریں۔ افراد خاندان نے فی الفور 108 ایمبولنس کو طلب کیا اور خود ورنگل کی طرف روانہ ہوئے تاہم کچھ فاصلہ طے کرنے کے بعد اچانک ایمبولنس ڈرائیور نے راستہ بدل لیا اور مریض کو ہائی وے کے قریب ایمبولنس سے نیچے اتاردیا اور وہاں سے روانہ ہوگیا۔صدمے سے دوچار مریض کے افراد خاندان نے فی الفور مہا دیوپور پرائمری اگریکلچرل کریڈیٹ سوسائیٹیز کے صدر نشین سی تروپتی سے رابطہ کیا جو کہ ان کے رشتہ دار بتائے گئے ہیں۔ تروپتی نے مریض کو اپنی کارمیں ورنگل شہر کے ایک خانگی دواخانہ سے رجوع کیا۔ بعد ازاں تروپتی نے 108 ایمبولنس کے ڈرائیورسے رابطہ کیا جس پر ڈرائیور نے بتایا کہ ضلع 108 منیجر نے اس کو ایمبولنس کو ورنگل نہ لے جانے کی ہدایت دی کیوں کہ یہ ان کے حدود میں نہیں آتا ہے۔ ڈرائیور کے جواب سے برہم تروپتی نے کلکٹر راہول شرما سے شکایت کی اور مطالبہ کیا کہ 108ایمبولنس منیجر اور ڈرائیور کے خلاف کارروائی کی جائے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button