تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

ریاست میں امن وامان کی برقراری کو اولین ترجیح. وزیر پونم پربھاکر

ریاست میں امن وامان کی برقراری کو اولین ترجیح
ویمل واڑہ میں سی سی ٹی وی کیمروں کا افتتاح۔ وزیر پونم پربھاکر کا خطاب

حیدرآباد۔15نومبر(آداب تلنگانہ نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ وبہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نے کہاکہ کانگریس حکومت ریاست میں امن وامان کی برقراری کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس خصوص میں انقلابی فیصلہ لئے گئے ہیں۔پونم پربھاکر نے آج انٹی گریٹیڈ ڈسٹرکٹ آفیسرس کامپلکس سرسلہ سے ورچول طریقہ کار کے ذریعہ سرسلہ اور ویمل واڑہ علاقوں میں نصب کردہ 46سی سی ٹی وی کیمروں کا افتتاح انجام دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہاکہ عوام کو تحفظ کی فراہمی کے مقصد سے پولیس اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔اگر ریاست میں امن وامان قائم رہتاہے تب ریاست کو نئی سرماےہ کاری حاصل ہوگی اور مقامی نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔جس کے نتیجہ میں ریاست تمام شعبہ جات میں ترقی کرے گی۔سی سی ٹی وی کیمرے امن وامان کی برقراری کے ساتھ ساتھ جرائم کی روک تھام میں بھی اہم کردار اداکریںگے۔پونم پربھاکر نے کہاکہ ایک سی سی ٹی وی کیمرہ 100پولیس ملازمین کے مماثل ہے۔ انہوںنے عوامی نمائندوں ‘تاجرین اور عوام سے کہاکہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنے اپنے علاقوں میں کیمروں کی تنصیب کےلئے آگے آئیں۔ضلع کے مختلف مقامات پر نصب کردہ کیمروں کو ضلعی پولیس آفس میں قائم کردہ کمانڈ کنٹرول سنٹرسے مربوط کردیاگیاہے۔ضلع میں کہیں پر بھی جرم کا واقعہ پیش آتاہے تو کمانڈ کنٹرول سنٹر میں بیٹھ کر اس کا پتہ لگایاجاسکتاہے۔انہوںنے امن وامان کی برقراری کےلئے ضلعی پولیس کے اقدامات کی ستائش کی۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button