کوشک ریڈی پر پولیس کے ذریعہ حملہ کی شدید مذمت
حکومت سے استفسار کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایاجارہاہے:کے ٹی آر
کوشک ریڈی پر پولیس کے ذریعہ حملہ کی شدید مذمت
حکومت سے استفسار کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایاجارہاہے:کے ٹی آر
حیدرآباد۔9نومبر(آداب تلنگانہ نیوز)کارگزار صدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے حضور آباد کے رکن اسمبلی کوشک ریڈی پر پولیس کے ذریعہ حملہ کی شدید مذمت کی۔ےہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کوشک ریڈی اور بی آرایس کارکنوں نے دلت بندھو اسکیم کے استفادہ کنندگان کو مالی امداد کی دوسری قسط کی اجرائی میں تاخیر پر احتجاج منظم کیا۔کے ٹی آر نے سخت گیر روےہ اختیار کرنے اورموجودہ رکن اسمبلی کوشک ریڈی کے عہدہ کا پاس ولحاظ نہ رکھنے پر پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوںنے اندرما راجیم میں ریاستی حکومت سے سوال کرنے پرعوامی نمائندوں پر حملہ کئے جانے پر استفسارکیا۔انہوںنے ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت پر شدید تنقید کی۔ کے ٹی آر نے ا لزام عائد کیاکہ کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں بالکلےہ طور پر ناکام ہوچکی ہے اور کانگریس کی نااہلی پر سوال کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایاجارہاہے۔انہوںنے کہاکہ وعدوں پر عمل آوری میں ناکام ریونت ریڈی حکومت نے سوال کرنے پر کوشک ریڈی کو حملہ کا نشانہ بنایا۔کے ٹی آر نے حکومت کی کارروائی کو ثقافتی پستی سے تعبیر کیا۔کے ٹی آر نے اس واقعہ میں ملوث پولیس عہدیداران کو انتباہ دیا اور کہاکہ حکومت کوخوش کرنے کےلئے حد سے تجاوز کرنے والے آفیسرس کے خلاف بی آرایس کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد کارروائی کی جائے گی۔انہوںنے مزید ادعا کیاکہ ریونت ریڈی حکومت کو جوابدہ بنانے کےلئے کوشک ریڈی کی متواتر مساعی سے کانگریس خوفزدہ ہے اور اسی خوف کے نتیجہ میں رکن اسمبلی کےخلاف انتقامی کارروائی کی گئی ہے۔ایک حالےہ واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے جہاں بی آرایس کے رکن اسمبلی پر مبینہ طور پر کانگریس کے کارکنوں نے حملہ کیاتھا ۔کے ٹی آرنے نشاندہی کی کہ ےہ ریونت ریڈی کی طرف سے کوشک ریڈی کو نشانہ بنانے کی ایک اور کوشش تھی تاہم رکن اسمبلی اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔کے ٹی آر نے کہاکہ کوشک ریڈی پر حملہ کےلئے پولیس فورس کے استعمال سے کانگریس حکومت کی بزدلی کا اظہار ہوتاہے۔کے ٹی آر نے ریاستی حکومت پر شدید تنقید کی اور کہاکہ ایسی بزدل حکومت کبھی نہیں دیکھی گئی جو سوال کرنے پر تشدد کا نشانہ بناتی ہے۔انہوںنے کہاکہ میں کوشک ریڈی پر حملہ کی شدیدمذمت کرتاہوں۔کے ٹی آر نے پرزورانداز میں کہاکہ اس طرح کی جارحانہ کارروائیوں کے باعث بی آرایس کیڈر ہرگز خوفزدہ نہیں ہوگا۔انہوںنے کوشک ریڈی پر حملہ میں ملوث تمام پولیس عہدیداران کےخلاف فی الفور کارروائی کا مطالبہ کیا اور احتجاج کے دوران گرفتار تمام بی آرایس کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔