موسیٰ ندی آلودہ پانی کے نالے میں تبدیل ہوکر زہر اگل رہی ہے
موسیٰ ندی آلودہ پانی کے نالے میں تبدیل ہوکر زہر اگل رہی ہے
کیا ہمیں صفائی کے بارے میں سوچنا نہیں چاہئے: ریونت ریڈی
حیدرآباد۔8نومبر(آداب تلنگانہ نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے موسیٰ ندی پروجیکٹ پر عوام کے خدشات کو دور کرنے کےلئے اپنی سالگرہ کے موقع پر نلگنڈہ میں پدیاترا کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ موسیٰ ندی جو کبھی صاف پانی فراہم کرتی تھی اب آلودہ پانی کے نالے میں تبدیل ہوکر زہر اگل رہی ہے۔موسیٰ کیچمنٹ ایریا کے عوام عذاب میں مبتلا ہیں ۔ہم موسیٰ ندی کو بحال کرناچاہتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ اس علاقہ میں کاشت کاری کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔یہاں کے تالابوں میں مچھلیوں کے زندہ رہنے کی کوئی گیارنٹی نہیں ہے۔یہاں فصلوں کی کوئی صورت نہیں ہے۔ریونت ریڈی نے کمیونسٹوں کا شکرےہ ادا کیا ۔جنہوںنے موسیٰ ندی کی صفائی کے ساتھ کھڑے رہنے کا اظہار کیاہے۔انہوںنے کہاکہ موسیٰ ندی کی آلودگی سے ایٹمی بم سے بھی زیادہ خطرہ لاحق ہونے والاہے ۔موسیٰ ندی جو ایک نعمت تھی آج ایک لعنت میں تبدیل ہوگئی ہے۔لہذا موسیٰ ندی کی صفائی کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے۔ریونت ریڈی نے پرزورانداز میں کہاکہ مودی گجرات کو ٹھیک کرسکتے ہیں لیکن ہم موسیٰ ندی کو ٹھیک نہیں کرسکتے ۔
انہوں نے کہاکہ ہم عہد کرتے ہیں کہ موسیٰ ندی کی گندگی کو ختم کرکے ہی دم لیںگے۔ریونت ریڈی نے کہاکہ چند افراد بلڈوزر کو روکنے کی بات کررہے ہیں ۔اگر ان میںہمت ہے تو وہ تاریخ بتائیں۔انہوں نے کہاکہ موسیٰ ندی کے اطراف لوگ انتہائی گندگی میں زندگی بسر کررہے ہیں۔کیا آپ کو ان کی پرواہ نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ ضلع نلگنڈہ جاںبازوں کی زمین ہے اگر کوئی موسیٰ ندی کی صفائی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کرے گا تواسے موسیٰ ندی میں دفن کردیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ آج ان کی پدیاترا صرف ٹریلر تھا اصل فلم آگے آئے گی۔جنوری 2025کے پہلے ہفتہ میں وڈے پلی سے حیدرآباد تک پدیاترا منظم کی جائے گی۔