تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

ہاسٹلس میں سہولیات کی کمی پر گاندھی ہاسپٹل کے نرسنگ طلبہ کا احتجاج

سپرنٹنڈنٹ کے چیمبر کے محاصرہ کی کوشش۔متعدد مرتبہ توجہ دلانے کے باوجود مسئلہ کی عدم یکسوئی پر شدید برہمی

حیدرآباد۔7نومبر(آداب تلنگانہ نیوز) ہاسٹل میں مناسب انفراسٹرکچر کی کمی پر برہم گاندھی ہاسپٹل کے تقریباً 200نرسنگ طلبہ نے جمعرات کو ہاسپٹل کے کیمپس میں احتجاج منظم کیا۔نرسنگ طلبہ نے کہاکہ ہاسٹل میں ڈرین کے پانی کی نکاسی کا مناسب انتظام نہ ہونے سے متعلق متعدد مرتبہ ارباب مجاز سے شکایت کی گئی۔تاہم منتظمین ہاسپٹل کی جانب سے مسئلہ کی یکسوئی کےلئے کوئی اقدامات روبہ عمل نہیں لائے گئے۔اپنے احتجاج کے دوران احتجاجی طلبہ نے ہاسپٹل کی انتظامی عمارت میں زبردستی داخل ہونے اور سپرنٹنڈنٹ کے چیمبر کا محاصرہ کرنے کی بھی کوشش کی۔احتجاجیوں نے شکایت کی کہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب بھوئی گوڑہ میں واقع ان کے ہاسٹلس میں مناسب ڈرین کا نظام نہیں ہے جس کی وجہ سے ہاسٹلس کے اندرونی حصہ میں پانی جمع ہورہاہے اور بدبوآرہی ہے ۔طلباءنے بتایاکہ 23نومبر سے امتحانات کا آغاز ہونے والا ہے ہمیں امتحانات کی تیاری کرنی ہے۔بدبو اور پانی کے جمع رہنے کی وجہ سے نہ تو ہم ٹھیک طریقہ سے سو پارہے ہیں اور نہ ہی امتحانات کی تیاری کرپارہے ہیں ۔ہم نے متعدد مرتبہ اس مسئلہ کو حکام سے رجوع کیا تاہم ابھی تک مسئلہ کی یکسوئی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل ڈاکٹر راج کماری نے احتجاجی نرسیس سے بات چیت کی اور ان کے مسئلہ کی یکسوئی کا وعدہ کیا۔بتایاجاتاہے کہ اس معاملہ میں سپرنٹنڈنٹ اور نرسنگ طلبہ کے درمیان جمعہ کو بھی بات چیت ہوگی۔

 

#Gandhi Hospital Nursing Students Protest for Hostel Facilities

 

متعلقہ مضامین

Back to top button