کانگریس حکومت میں آٹوڈرائیورس کی زندگی اجیرن۔ مسائل کی یکسوئی پر زور
دھرناچوک پر احتجاجی پروگرام سے کارگزار صدربی آرایس کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5;نومبر(آداب تلنگانہ نیوز) کارگزار صدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراءو نے آج آٹو رکشہ ڈرائیور س کی قابل رحم حالت کو فی الفور بہتر بنانے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کا کانگریس حکومت سے پرزورمطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران جماعت کانگریس نے ماقبل انتخابات آٹو ڈرائیورس سے کئی وعدے کئے تھے تاہم انتخابات میں کامیابی کے بعد آٹو ڈرائیورس کو فراموش کردیاگیا ۔ کانگریس حکومت نے آٹو ڈرائیورس کو دھوکہ دیاہے ۔ یہاں دھرناچوک پر تمام سیاسی جماعتوں سے ملحقہ آ ٹو ڈرائیور یونینوں کی جانب سے منعقدہ احتجاجی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے راماراءو نے کہاکہ کانگریس کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے تقریباً6.5لاکھ آٹو ڈرائیورس کی صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے ۔ آج آٹو ڈرائیورس مختلف مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نے تلنگانہ میں خواتین کےلئے آرٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت کا آغاز کیا ۔ تاہم آٹوڈرائیورس سے کئے گئے تمام وعدوں کو نظر انداز کردیاگیا جس کی وجہ سے آٹو رکشہ ڈرائیورس کی روزی روٹی کو خطرہ لاحق ہوگیاہے ۔ کے ٹی آرنے پرزورانداز میں کہاکہ ہم مفت بس سفر کے مخالف نہیں ہےں ۔ تاہم آٹوڈرائیورس سے کئے گئے وعدوں کو بھی پورا کیاجاناچاہئے ۔
کانگریس نے آٹو ڈرائیورس ویلفیر بورڈ کے قیام کے علاوہ ہر ماہ ایک ہزار روپئے مالی امداد کا وعدہ کیاتھا ۔ کے ٹی آر نے حکومت پر زوردیاکہ وہ آٹو ڈرائیورس کے جائز مطالبات جیسے ماہانہ 5ہزار روپئے مالی امدادکی فراہمی ‘تھرڈ پارٹی انشورنس اور آٹوڈرائیورس کے استحصال کو جرم قرار دینے پرغورکرے ۔ انہوں نے آٹو ڈرائیورس کو درپیش مالی مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ بی آرایس کے دورحکومت میں آٹوڈرائیورس یومےہ 2ہزار روپئے کماتے تھے تاہم آج کانگریس کے دورحکومت میں آٹوڈرائیورس یومیہ 200تا300روپئے بھی کمانے کےلئے جدوجہد سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر گزشتہ بی آرایس حکومت کی جانب سے آٹوڈرائیورس کو فراہم کردہ لاءف انشورنس اسکیم کو برخاست کرنے کی سازش کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مرکز نے متنازعہ قوانین وضع کئے ہیں جس سے بھی آٹوڈرائیورس کی زندگی مزید پیچیدہ ہوگئی ہے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر زوردیاکہ وہ تلنگانہ میں ان متنازعہ قوانین کے نفاذ پر روک لگائے ۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی پر راست تنقید کرتے ہوئے راماراءو نے انتخابی وعدوں اور موجودہ بے عملی کی صورتحال میں واضح تفاوت کی نشاندہی کی ۔ انہوں نے کہاکہ راہول گاندھی نے اپنی مہم کے دوران آٹو ڈرائیورس سے متعدد وعدے کئے تھے ۔ تاہم تب سے وہ غائب ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آٹوڈرائیورس کو راہول گاندھی کی خالی بیان بازی کو یاد رکھناچاہئے ۔ کے ٹی آر نے کہاکہ کانگریس حکومت کی پالیسیوں کے باعث آٹو ڈرائیورس‘ کسان اور بافندوں میں خودکشی واقعات پیش آرہے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے اسمبلی میں مسئلہ کو اٹھایا اور متاثرین کے ناموں کی فہرست بھی حوالے کی تاہم حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیاگیا ۔ انہوں نے آٹوڈرائیوریونینوں پر زوردیاکہ وہ اپنی جماعتی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھیں اور اپنے حقوق کے حصول کےلئے متحدہ طور پر جدوجہد کریں ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہارکیاکہ بی آرایس قانون ساز اسمبلی اور عوامی مقامات پر آٹو ڈرائیورس کے مفادات کے تحفظ کی وکالت جاری رکھے گی ۔ کے سی آر نے یقین دلایاکہ چاہے کتنے ہی مقدمات درج کئے جائیں یا کتنی ہی جیلوں میں بند کیا جائے ہم حقیقی اپوزیشن کے طور پر ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔
#KTR’s Speech at Dharna Chowk Protest Program